شیری رحمان کا شہید محترمہ بینظیر بھٹو کو 73ویں یومِ ولادت پر خراجِ عقیدت

شیری رحمان کا شہید محترمہ بینظیر بھٹو کو 73ویں یومِ ولادت پر خراجِ عقیدت

اسلام آباد۔20جون (اے پی پی):پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی ) کی نائب صدر سینیٹر شیری رحمان نے شہید بے نظیر بھٹو کی 73ویں سالگرہ کے موقع پر انہیں زبردست خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ پاکستان کے عظیم ترین رہنماؤں میں سے ایک تھیں، جن کی جمہوریت، خواتین کے حقوق اور سماجی انصاف کے لیے جدوجہد آج بھی لاکھوں لوگوں کے لیے مشعلِ راہ ہے۔ہفتہ کواپنے پیغام میں شیری رحمان نے کہا کہ شہید محترمہ بینظیر بھٹو نہ صرف پاکستان بلکہ دنیا بھر میں جمہوریت، خواتین کو بااختیار بنانے اور محروم طبقات کے حقوق کی علامت تھیں۔ انہوں نےکہا کہ بینظیر بھٹو نے ہمیشہ خواتین، کمزور طبقات اور محروم افراد کی آواز بلند کی اور اپنی پوری سیاسی زندگی انہی مقاصد کے لیے وقف کئےرکھی۔

شیری رحمان نے محترمہ بینظیر بھٹو کو درپیش خطرات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ وہ دہشت گردی اور انتہا پسندی کےشدید خطرات سے بخوبی آگاہ تھیں لیکن اس کے باوجود انہوں نے پاکستان اور اس کے عوام کے بہتر مستقبل کے لیے اپنی جدوجہد جاری رکھی۔ انہوں نے کہا کہ بینظیر بھٹو نے ذاتی آسائشوں پر قومی مفاد کو ترجیح دی اور خواتین کے حقوق و ترقی کے لیے آخری سانس تک کام کیا۔انہوں نے کہا کہ بینظیر بھٹو کی سیاسی زندگی مراعات کی نہیں بلکہ اصولی مزاحمت اور عوامی خدمت کی داستان ہے۔ شیری رحمان نے کہا کہ جب انہیں سیاست چھوڑنے کے بدلے آزادی کی پیشکش کی گئی تو انہوں نے اسے مسترد کر دیا اور ملک میں جمہوریت کی بحالی کے لیے اپنی جدوجہد جاری رکھی۔خواتین کے حقوق کے حوالے سے بینظیر بھٹو کی خدمات کو سراہتے ہوئے شیری رحمان نے کہا کہ وہ کسی بھی مسلم ملک کی پہلی منتخب خاتون وزیرِاعظم تھیں۔ انہوں نے خواتین کی ترقی اور قومی دھارے میں شمولیت کے لیے نئے راستے کھولے اور متعدد اصلاحاتی اقدامات متعارف کرائے۔

انہوں نے کہا کہ بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کا تصور بھی محترمہ بینظیر بھٹو کے وژن کا حصہ تھا جو آج ملک کا سب سے بڑا سماجی تحفظ کا پروگرام بن چکا ہے اور لاکھوں خواتین کو مالی معاونت اور خودمختاری فراہم کر رہا ہے۔شیری رحمان نے کہا کہ لیڈی ہیلتھ ورکر پروگرام نے دیہی علاقوں میں صحت کی سہولیات تک رسائی میں انقلاب برپا کیا، جس سے زچہ و بچہ کی صحت بہتر ہوئی اور ہزاروں خواتین کے لیے روزگار کے مواقع پیدا ہوئے۔

انہوں نے بلاول بھٹو زرداری کوبھی خراجِ تحسین پیش کیا اور کہا کہ وہ اپنی والدہ کے مشن کو آگے بڑھا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بلاول بھٹو زرداری کی سماجی انصاف، خواتین کے حقوق اور فلاحی منصوبوں کے لیے وابستگی بینظیر بھٹو کے نظریات کے تسلسل کا مظہر ہے۔شیری رحمان نے کہا کہ پاکستان کو آج جن سماجی، معاشی اور سیاسی چیلنجز کا سامنا ہےایسے وقت میں بینظیر بھٹو کی قیادت کی کمی شدت سے محسوس ہوتی ہے۔ تاہم ان کی جدوجہد،قربانیاں اور نظریات آج بھی ہر اس خاتون، نوجوان اور شہری کے لیے حوصلے کا سرچشمہ ہیں جو ایک جمہوری، مساوی اور ترقی پسند پاکستان کا خواب دیکھتا ہے۔

مزید خبریں