وفاقی وزیر ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی کا این ایف سی فیصل آباد کو سیل کیے جانے کا سخت نوٹس، فوری ڈی سیل کرنے کی ہدایت
وفاقی وزیر ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی کا این ایف سی فیصل آباد کو سیل کیے جانے کا سخت نوٹس، فوری ڈی سیل کرنے کی ہدایت

مزید خبریں
اسلام آباد۔21جون (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے تعلیم و پیشہ ورانہ تربیت ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے نیشنل فرٹیلائزر کارپوریشن آف پاکستان(این ایف سی) فیصل آباد کو سیل کیے جانے کے معاملے کا سختی سے نوٹس لے لیا اورفوری طور پر ڈی سیل کرنے کے لیے ضروری اقدامات کی ہدایت کرتے ہوئے متعلقہ سیکرٹری اورایڈیشنل سیکرٹری سے( کل)پیر تک وضاحت طلب کر لی ۔
اتوار کو اپنے بیان میں وفاقی وزیر نےصورتحال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے متعلقہ سیکرٹری اورایڈیشنل سیکرٹری سے پیر کے روز اس معاملے پر تفصیلی وضاحت طلب کر لی ہے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ ایسے معاملات کو فوری طور پر اور قواعد و ضوابط کے مطابق حل کیا جانا چاہیے۔
ڈاکٹرخالد مقبول صدیقی نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی ہے کہ این ایف سی فیصل آباد کو فوری طور پر ڈی سیل کرنے کے لیے ضروری اقدامات کیے جائیں اور معاملے کو جلد از جلد حل کیا جائے۔وفاقی وزیر نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ حکومت قومی اداروں کے مؤثر اور بلا تعطل کام کو یقینی بنانے کے لیے پُرعزم ہے۔ انہوں نے کہا کہ قومی اداروں کی کارکردگی کو متاثر کرنے والے انتظامی یا طریقہ کار سے متعلق تمام مسائل کو فوری اور مؤثر انداز میں نمٹایا جانا چاہیے۔








