آئی جی اسلام آباد سید علی ناصر رضوی کا امام بارگاہ اثناءعشری کا دورہ
آئی جی اسلام آباد سید علی ناصر رضوی کا امام بارگاہ اثناءعشری کا دورہ

مزید خبریں
اسلام آباد۔21جون (اے پی پی):انسپکٹر جنرل آف پولیس اسلام آباد سیدعلی ناصررضوی نے امام بارگاہ اثناءعشری کا دورہ کیا۔اس موقع پر اسلام آباد پولیس کے سینئر پولیس افسران بھی موجود تھے۔ آئی جی اسلام آباد نے سکیورٹی انتظامات، مرکزی جلوس کے روٹ کا جائزہ لیا اورامام بارگاہ کی انتظامیہ سے ملاقات کی۔انہوں نے کہا کہ مرکزی جلوس کےلئے فول پروف سکیورٹی انتظامات کو یقینی بنایا جائے گاجبکہ ضلع بھر میں 177 جلوس، 929 مجالس کا انعقاد ہوگا ۔
اس سلسلے میں جلوسوں، مجالس کی سکیورٹی کےلئے 15 ہزار سے زائد افسران و جوان فرائض سرانجام دے رہے ہیں جبکہ سینئرافسران کی زیرنگرانی 10 فیلڈ ویجیلینس ٹیمیں سکیورٹی انتظامات کو چیک کرنے پر مامور ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ جلوسوں، مجالس کے علاقوں میں خصوصی پکٹس پر چیکنگ کی جائے گی اورضلع بھر میں پٹرولنگ کے خصوصی دستے تعینات ہوں گے۔اسی کے ساتھ ساتھ ضلع بھر میں سرچ آپریشنز کا سلسلہ جاری ہے۔
آئی جی اسلام آباد نے مزید کہا کہ اسلام آباد پولیس کا ہر افسر و جوان محرم الحرام کے تمام دنوں میں فیلڈ میں موجود ہوگاجبکہ سیف سٹی میں قائم کنٹرول روم کے ذریعے جلوسوں، مجالس کو مانیٹر کیا جارہا ہے،سکیورٹی اور سرویلنس کے بہترین انتظامات کیلئے سیف سٹی کے کیمروں، ڈرونز، سمارٹ کاروں کے ذریعے جلوسوں، مجالس کی نگرانی کی جارہی ہے اورکسی بھی ایمرجنسی سے نمٹنے کے لیے تمام ادارے آپس میں مکمل کوآرڈینیشن میں ہیں۔شہریوں سے گزارش ہے کہ وہ پولیس کے ساتھ تعاون کریں اورکسی بھی ایمرجنسی کی صورت میں ایمرجنسی ہیلپ لائن پکار 15 پر اطلاع دیں۔








