عطاء اللہ کو انڈر 20 ورلڈ اتھلیٹکس چیمپئن شپ میں شرکت کا پاکستان اتھلیٹکس فیڈریشن کا فیصلہ قابل تعریف ہے۔ میجر جنرل اکرم ساہی
عطاء اللہ کو انڈر 20 ورلڈ اتھلیٹکس چیمپئن شپ میں شرکت کا پاکستان اتھلیٹکس فیڈریشن کا فیصلہ قابل تعریف ہے۔ میجر جنرل اکرم ساہی
اسلام آباد۔21جون (اے پی پی):ایشیاء اتھلیٹکس فیڈریشن کے نائب صدر اور سائوتھ ایشیاء اتھلیٹکس فیڈریشن کے چیئرمین میجر جنرل ریٹائرڈ محمد اکرم ساہی نے کہا ہے کہ خیبرپختونخوا کے اتھلیٹ عطاء اللہ کو انڈر 20 ورلڈ اتھلیٹکس چیمپئن شپ میں شرکت کا پاکستان ایتھلیٹکس فیڈریشن کا فیصلہ قابل تعریف ہے۔ انڈر 20 ورلڈ اتھلیٹکس چیمپئن شپ رواں برس اگست میں امریکہ میں کھیلی جائے گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔
انہوں نے کہا کہ نامور اتھلیٹ عطاء اللہ کا انتخاب گزشتہ دنوں پشاور میں کھیلی گئی چھٹی نیشنل جونیئر اتھلیٹکس چیمپئن شپ میں نمایاں کارکردگی کے پیش نظر کیا گیا ہے اور پاکستان اتھلیٹکس فیڈریشن کے صدر بریگیڈیئر (ر) وجاہت حسین کے میرٹ پر کئے گئے اس فیصلے کو پورے ملک کی اتھلیٹکس تنظیموں اور کھلاڑیوں نے سراہا ہے۔ اتھلیٹ عطاء اللہ انڈر20 ورلڈ اتھلیٹکس چیمپئن شپ میں 100 میٹر ریس کے ایونٹ میں حصہ لے گا۔
عطاء اللہ کی انڈر20 ورلڈ اتھلیٹکس چیمپئن شپ میں کارکردگی کے حوالے سے ایک سوال کے جواب میں محمد اکرم ساہی نے کہا کہ خیبرپختونخوا سے تعلق رکھنے والا کھلاڑی عطاء اللہ ایک نیا اتھلیٹ ہے اس نے پشاور میں نیشنل جونیئر اتھلیٹکس چیمپئن شپ میں بہت اچھی کارکردگی دکھائی ہے ۔ ورلڈ چیمپئن شپ میں دنیا بھر سے کھلاڑی اپنی، اپنی قسمت آزمائی کرتے ہیں۔
ہمارا مقصد ہے کہ کھلاڑیوں کو ورلڈ چیمپئن شپ میں بھی سیکھنے کا موقع ملے اور امید ہے کہ ورلڈ چیمپئن شپ میں عطاء اللہ کی کارکردگی شاندار اور بہتر ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ اسی طرح دیکھیں پاکستان اتھلیٹکس فیڈریشن کی کاوشوں اور کوششوں سے ارشد ندیم کہاں بیٹھا ہے اور اولمپیئن بن کر پاکستان کا نام روشن کیا۔
اولیمپئن بننے کے بعد آپ سب نے وہاں کے منظر دیکھے ہونگےکہ ارشد ندیم اولمپک میں گولڈ جیتنےکے بعد گرائونڈ میں میرے گلے لگ کر کیسے ہم نے خوشی کے آنسو بہائے اور اللہ تعالیٰ کا شکر ادا کیا کہ آج ہمارا خواب پورا ہو گیا اور دنیا بھر میں پاکستان کا نام روشن ہوا۔ ایک اور سوال کے جواب اکرم ساہی نے کہا کہ ہماری کوشش ہے دنیا میں پاکستان کا نام روشن ہو۔









