سندھ اسمبلی نے شہید محترمہ بینظیر بھٹو کی 73ویں سالگرہ پر خراجِ عقیدت کی قرارداد متفقہ طور پر منظور کر لی

سندھ اسمبلی نے شہید محترمہ بینظیر بھٹو کی 73ویں سالگرہ پر خراجِ عقیدت کی قرارداد متفقہ طور پر منظور کر لی

کراچی۔ 21 جون (اے پی پی):وزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ نے صوبائی اسمبلی میں شہید محترمہ بینظیر بھٹو کی 73ویں سالگرہ کے موقع پر انہیں خراجِ عقیدت پیش کرنے کیلئے ایک قرارداد پیش کی، جسے ایوان نے متفقہ طور پر منظور کر لیا۔اتوار کو وزیر اعلی ہائوس سے جاری اعلامیہ کے مطابق قرارداد میں شہید محترمہ بینظیر بھٹو کو پاکستان کی سابق وزیراعظم، دخترِ مشرق اور مسلم دنیا کی پہلی منتخب خاتون وزیراعظم قرار دیتے ہوئے ان کی جمہوریت، عوامی خدمت، آئینی بالادستی، سماجی انصاف، وفاقی ہم آہنگی، خواتین کے حقوق اور محروم طبقات کی فلاح کیلئے خدمات کو شاندار الفاظ میں خراجِ تحسین پیش کیا گیا۔

وزیراعلی سندھ کی جانب سے پیش کی گئی قرارداد میں کہا گیا کہ 21جون 1953 کو جنم لینے والی شہید محترمہ بینظیر بھٹو نے اپنی پوری زندگی عوامی خدمت اور جمہوری اقدار کے فروغ کے لیے وقف کر دی۔قرارداد میں کہا گیا کہ محترمہ بینظیر بھٹو جرات، استقامت اور جمہوری مزاحمت کی عالمی علامت بن گئیں۔ سنہ 1988 میں ان کا وزیراعظم منتخب ہونا پاکستان کی سیاسی تاریخ اور مسلم دنیا میں خواتین کی قیادت کے حوالے سے ایک تاریخی سنگِ میل ثابت ہوا۔ ایوان سندھ نے تعلیم اور صحت کی سہولیات کے فروغ، خواتین کی سیاسی و سماجی شمولیت، محنت کشوں، ہاریوں، اقلیتوں اور دیگر پسماندہ طبقات کی فلاح کے لیے شہید محترمہ بینظیر بھٹو کی خدمات کو بھی سراہا۔

قرارداد میں کہا گیا کہ ان کی پالیسیوں کا مقصد ایک ایسے سماج کا قیام تھا جہاں تمام شہریوں کو مساوی مواقع اور ترقی کے یکساں امکانات میسر ہوں۔ سندھ اسمبلی نے 27دسمبر 2007 کو جمہوریت اور آئین کی بالادستی کی جدوجہد کے دوران شہید محترمہ بینظیر بھٹو کی شہادت کو پاکستان کی جمہوری تاریخ کا ایک فیصلہ کن اور یادگار باب قرار دیتے ہوئے کہا کہ ان کی قربانی قوم کے لیے مشعلِ راہ ہے۔ ایوان نے پاکستان خصوصا سندھ کے عوام کے لیے ان کی بے مثال خدمات کو سراہتے ہوئے دعا کی کہ اللہ تعالی شہید محترمہ بینظیر بھٹو کے درجات بلند فرمائے اور پاکستان کو ایک جمہوری، ترقی پسند اور خوشحال ریاست بننے کی توفیق عطا فرمائے، جیسا کہ ان کا خواب تھا۔

قبل ازیں وزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ نے شہید محترمہ بینظیر بھٹو کے 73ویں یومِ ولادت کے موقع پر انہیں زبردست خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ محترمہ بینظیر بھٹو جمہوریت، عوامی حقوق ا ور خواتین کی سیاسی قیادت کی روشن علامت تھیں، جن کی جدوجہد اور قربانیاں قومی تاریخ کا ناقابلِ فراموش سرمایہ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آج محترمہ بینظیر بھٹو کے 73ویں یومِ ولادت پر پوری قوم ان کی جمہوری جدوجہد، سیاسی بصیرت اور عظیم قربانیوں کو خراجِ تحسین پیش کرتی ہے۔