ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سیدال خان سے ثناء اللہ بلوچ کی ملاقات، بلوچستان کی ترقی اور عوامی فلاح کے امور پر تبادلہ خیال
ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سیدال خان سے ثناء اللہ بلوچ کی ملاقات، بلوچستان کی ترقی اور عوامی فلاح کے امور پر تبادلہ خیال

مزید خبریں
اسلام آباد۔22جون (اے پی پی):ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سیدال خان سے نیشنل پارٹی کے مرکزی رہنما، سابق سینیٹر اور سابق رکن قومی اسمبلی ثناء اللہ بلوچ نے ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران بلوچستان کی مجموعی سیاسی صورتحال، ترقیاتی ترجیحات اور عوامی فلاح و بہبود سے متعلق امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
سینیٹ سیکرٹریٹ کے مطابق دونوں رہنماؤں نے بلوچستان کو درپیش چیلنجز، صوبے کی سماجی و اقتصادی ترقی، سیاسی استحکام اور عوامی مسائل کے حل کے مختلف پہلوؤں پر گفتگو کی۔ اس موقع پر اس امر پر زور دیا گیا کہ بلوچستان کی پائیدار ترقی، خوشحالی اور امن کے لئے تمام متعلقہ حلقوں کو مشترکہ کاوشیں بروئے کار لانا ہوں گی۔
ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سیدال خان نے کہا کہ بلوچستان پاکستان کا اہم ترین صوبہ ہے جس کی ترقی اور استحکام قومی ترقی کے لئے ناگزیر ہے۔ انہوں نے کہا کہ عوام کو درپیش مسائل کے حل، روزگار کے مواقع کی فراہمی، تعلیم، صحت اور بنیادی ڈھانچے کی بہتری کے لئے اجتماعی اور مخلصانہ کوششوں کی ضرورت ہے۔
انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ بلوچستان کے عوام کے مسائل کو ہر فورم پر موثر انداز میں اجاگر کیا جاتا رہے گا۔ثناء اللہ بلوچ نے ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سیدال خان کی بلوچستان کے عوام کے لئے خدمات اور پارلیمانی فورمز پر صوبے کے مسائل کو اجاگر کرنے کی کاوشوں کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان کی ترقی، سیاسی ہم آہنگی اور عوامی فلاح کے لئے تمام سیاسی قوتوں کو مل کر کام کرنا ہوگا تاکہ صوبے کے عوام کی توقعات پر پورا اترا جا سکے۔
ملاقات میں اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ جمہوری اقدار کے فروغ، قومی یکجہتی کے استحکام اور مساوی ترقی کے ذریعے بلوچستان کو درپیش چیلنجز پر قابو پایا جا سکتا ہے۔ دونوں رہنماؤں نے بلوچستان میں امن، ترقی اور خوشحالی کے فروغ کے لئے مشترکہ کوششیں جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا۔








