ایچ ای سی نے 44 جامعات کے بعض کمپیوٹنگ پروگراموں میں داخلے عارضی طور پر معطل کر دیئے
ایچ ای سی نے 44 جامعات کے بعض کمپیوٹنگ پروگراموں میں داخلے عارضی طور پر معطل کر دیئے

مزید خبریں
اسلام آباد۔22جون (اے پی پی):ہائر ایجوکیشن کمیشن (ایچ ای سی) نے قومی مہارت و قابلیت ٹیسٹ (این ایس سی ٹی) 2026 کے تحت معیارِ تعلیم کو بہتر بنانے اور کمپیوٹنگ پروگراموں کے معیار کی جانچ کے لیے ملک کی 44 جامعات میں کمپیوٹنگ سے متعلق بعض پروگراموں میں نئے داخلے عارضی طور پر معطل کرنے کا اعلان کیا ہے۔ ایچ ای سی کی جانب سے جاری کردہ طلبہ کے لیے اہم ہدایت نامے کے مطابق ان جامعات کے کمپیوٹنگ پروگراموں کا ادارہ جاتی جائزہ مکمل ہونے اور متعلقہ مجاز اتھارٹی سے منظوری ملنے تک نئے داخلے نہیں کیے جا سکیں گے۔ یہ اقدام اعلیٰ تعلیم میں معیار کو یقینی بنانے اور طلبہ کے مفادات کے تحفظ کے لیے اٹھایا گیا ہے۔
ایچ ای سی کے مطابق جن جامعات کو نظرثانی کے لیے فہرست میں شامل کیا گیا ہے ان میں الحمد اسلامک یونیورسٹی اسلام آباد و کوئٹہ کیمپس، سرحد یونیورسٹی پشاور، عبدالولی خان یونیورسٹی مردان، ہزارہ یونیورسٹی مانسہرہ، ایم این ایس یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی ملتان، ویمن یونیورسٹی مردان، دی ویمن یونیورسٹی ملتان، لاہور لیڈز یونیورسٹی، یونیورسٹی آف صوابی، اینام انسٹیٹیوٹ آف مینجمنٹ اینڈ سائنسز کراچی، گومل یونیورسٹی ڈیرہ اسماعیل خان، غازی نیشنل انسٹیٹیوٹ آف انجینئرنگ اینڈ سائنسز ڈیرہ غازی خان، اِلما یونیورسٹی کراچی، چولستان یونیورسٹی آف ویٹرنری اینڈ اینیمل سائنسز بہاولپور، یونیورسٹی آف فاٹا، یونیورسٹی آف کوٹلی آزاد کشمیر، یونیورسٹی آف جھنگ، کوہسار یونیورسٹی مری، یونیورسٹی آف ٹیکنالوجی نوشہرہ، بینظیر بھٹو شہید یونیورسٹی لیاری کراچی، گرین انٹرنیشنل یونیورسٹی اور یونیورسٹی آف مکران پنجگور سمیت دیگر جامعات شامل ہیں۔
ایچ ای سی نے طلبہ اور والدین کو مشورہ دیا ہے کہ کسی بھی کمپیوٹنگ پروگرام میں داخلے سے قبل متعلقہ پروگرام کی موجودہ منظوری اور داخلہ حیثیت کی تصدیق ضرور کریں تاکہ مستقبل میں کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ واضح رہے کہ این ایس سی ٹی 2026 ہائر ایجوکیشن کمیشن، وزارتِ آئی ٹی و ٹیلی کمیونیکیشن، پاکستان سافٹ ویئر ایکسپورٹ بورڈ، پاکستان سافٹ ویئر ہاؤسز ایسوسی ایشن اور نیشنل کمپیوٹنگ ایجوکیشن ایکریڈیٹیشن کونسل کے اشتراک سے منعقد کیا گیا تھا، جس کا مقصد کمپیوٹنگ شعبے میں طلبہ کی مہارتوں کا قومی سطح پر جائزہ لینا اور تعلیمی معیار کو صنعت کی ضروریات سے ہم آہنگ بنانا ہے۔








