عشرہ محرم کے سلسلے میں لاہور سمیت پنجاب بھر میں سکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں اور 7 محرم الحرام کے موقع پر صوبہ بھر میں 60 ہزار سے زائد پولیس افسران و اہلکار عزاداری جلوسوں اور مجالس کی سکیورٹی کے فرائض سرانجام دے رہے ہیں۔
عشرہ محرم کے دوران صوبہ بھر میں سکیورٹی ہائی الرٹ رہے گی،آئی جی پنجاب

مزید خبریں
لاہور۔23جون (اے پی پی):عشرہ محرم کے سلسلے میں لاہور سمیت پنجاب بھر میں سکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں اور 7 محرم الحرام کے موقع پر صوبہ بھر میں 60 ہزار سے زائد پولیس افسران و اہلکار عزاداری جلوسوں اور مجالس کی سکیورٹی کے فرائض سرانجام دے رہے ہیں۔ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق منگل کو صوبے بھر میں 1377 عزاداری جلوس اور 3869 مجالس منعقد ہو رہی ہیں، جبکہ لاہور میں 98 عزاداری جلوس برآمد ہوں گے اور 435 مجالس کا انعقاد کیا جا رہا ہے۔ترجمان کے مطابق مجالس اور جلوسوں کے سکیورٹی انتظامات میں 27 ہزار کمیونٹی رضاکار بھی پولیس کے ساتھ معاونت فراہم کر رہے ہیں۔ اس حوالے سے انسپکٹر جنرل پنجاب پولیس عبدالکریم نے کہا کہ عشرہ محرم کے دوران صوبہ بھر میں سکیورٹی ہائی الرٹ رہے گی، حکومت پنجاب کی جانب سے نافذ دفعہ 144 پر سختی سے عملدرآمد کرایا جائے گا۔
ہوائی فائرنگ، اسلحہ کی نمائش، نفرت انگیز مواد کی تشہیر اور اشتعال انگیزی پر مکمل پابندی ہوگی، جبکہ طے شدہ روٹس اور مقامات کے علاوہ کسی بھی جگہ جلوس یا مجلس کی اجازت نہیں دی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ سیف سٹیز اتھارٹی اور ضلعی انتظامیہ کے کیمروں کی مدد سے تمام سرگرمیوں کی مسلسل مانیٹرنگ کی جائے گی۔ محرم الحرام میں سکیورٹی کے لیے سی ٹی ڈی، سپیشل برانچ، ٹریفک پولیس، ڈولفن سکواڈ، پیرو فورس اور دیگر فیلڈ فارمیشنز بھی تعینات ہیں۔آئی جی پنجاب نے ہدایت کی کہ لاوڈ سپیکر ایکٹ پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنایا جائے اور سوشل میڈیا پر نفرت انگیز مواد کی تشہیر میں ملوث عناصر کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے۔ انہوں نے کہا کہ تمام اضلاع میں قائم کنٹرول رومز سنٹرل پولیس آفس کے مرکزی کنٹرول روم سے منسلک رہیں گے اور 24 گھنٹے رابطے میں کام کریں گے تاکہ محرم الحرام کے دوران امن و امان کی صورتحال کو موثر انداز میں برقرار رکھا جا سکے۔








