منشیات کے بڑھتے رجحان کے خلاف ملتان میں سیمینار اور آگاہی واک، نوجوانوں کو محفوظ مستقبل کا پیغام
منشیات کااستعمال نوجوان نسل کے مستقبل کے لیے ایک سنگین خطرہ ہے،مخدوم شعیب اکمل ہاشمی
ملتان۔ 23 جون (اے پی پی):ینگ پاکستانیز آرگنائزیشن اور ڈرگ ری ہیبلیٹیشن سنٹر (ڈی آر سی) سوشل ویلفیئر ملتان کے زیر اہتمام منشیات کے استعمال اور غیر قانونی سمگلنگ کے خلاف عالمی دن کے موقع ڈی آر سی ملتان میں ایک خصوصی سیمینار بعنوان ’’نوجوانوں میں منشیات کے استعمال میں اضافہ، وجوہات اور حل‘‘ اورشعوری آگاہی واک کا انعقاد کیا گیا۔
تقریب کی صدارت ڈپٹی ڈائریکٹر سوشل ویلفیئر اینڈ بیت المال ملتان عبدالعزیز خان نے کی جبکہ چیف ٹریفک آفیسر ملتان محمد نبیل کھوکھر، ڈسٹرکٹ اکاؤنٹس آفیسر قمرالاسلام، سجادہ نشین دربار حضرت داؤد جہانیاں مخدوم شعیب اکمل ہاشمی قریشی اور چیئرمین ڈیپارٹمنٹ آف جینڈر سٹڈیز بہاؤالدین زکریا یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر مرید حسین ملک مہمانانِ خصوصی تھے۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مخدوم شعیب اکمل ہاشمی نے کہا کہ منشیات کا بڑھتا ہوا استعمال نوجوان نسل کے مستقبل کے لیے ایک سنگین خطرہ ہے اوراس ناسورکے خاتمےکے لیے حکومت،والدین، تعلیمی اداروں اورسماجی تنظیموں کومل کرکردارادا کرنا ہوگا۔ چیف ٹریفک آفیسرمحمد نبیل کھوکھرنےکہا کہ سٹی پولیس آفیسرملتان صادق علی ڈوگر کی ہدایات پر منشیات فروشوں کے خلاف کارروائیاں جاری ہیں جبکہ ڈی آر سی کے ذریعے منشیات کے عادی افراد کی بحالی اور انہیں ہنر مند بنا کر باعزت روزگار کے موا قع فراہم کیے جا رہے ہیں۔پروفیسر ڈاکٹر مرید حسین ملک اور نعیم اقبال نعیم نے کہا کہ پاکستان میں منشیات کے استعمال میں تشویشناک اضافہ ہو رہا ہے اور نوجوانوں کو مختلف طریقوں سے اس لعنت کی طرف راغب کیا جا رہا ہے۔ مقررین نے اس بات پرزور دیا کہ شیشہ، سگریٹ، گٹکا اور الیکٹرک سگریٹ جیسے بظاہر معمولی نشے بھی نوجوانوں کو خطرناک منشیات کی طرف لے جاتے ہیں۔سیمینار کے اختتام پر آگاہی واک منعقد کی گئی جس کی قیادت مہمانانِ گرامی نے کی۔









