آئی سی سی ویمنز ٹی20 ورلڈ کپ ،لارڈز کرکٹ گرائونڈ میں 24 جون کو خصوصی ’’پلے فار یونیسف‘‘ مہم کا انعقاد کیا جائے گا
آئی سی سی ویمنز ٹی20 ورلڈ کپ ،لارڈز کرکٹ گرائونڈ میں 24 جون کو خصوصی ’’پلے فار یونیسف‘‘ مہم کا انعقاد کیا جائے گا

مزید خبریں
لاہور۔23جون (اے پی پی):انٹرنیشنل کرکٹ کونسل یونیسف یوکے اور انگلینڈ اینڈ ویلز کرکٹ بورڈ کے اشتراک سے 24 جون کو لارڈز کرکٹ گرائونڈ میں انگلینڈ اور ویسٹ انڈیز کے درمیان آئی سی سی ویمنز ٹی20 ورلڈ کپ2026 کے میچ کے موقع پر خصوصی ’’پلے فار یونیسف‘‘ مہم کا انعقاد کیا جائے گا۔ ترجمان آئی سی سی کے مطابق اس اقدام کا مقصد دنیا بھر کے بچوں کے لیے یونیسف کے منصوبوں کی حمایت کے لیے فنڈز اور آگاہی پیدا کرنا ہے جبکہ اس مہم کے ذریعے ایک لاکھ پائونڈ جمع کرنے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔ تقریب کے دوران لارڈز گرائونڈ پر یونیسف کی خصوصی برانڈنگ نظر آئے گی اور قومی ترانے کی تقریب میں یونیسف کا پرچم بھی شامل ہوگا۔
اس کے علاوہ دنیا بھر میں میچ دیکھنے والے شائقین کو مختلف ذرائع سے عطیات دینے کی ترغیب دی جائے گی۔ یونیسف کے حامی اور معروف اداکار نبھان رضوان، جو کرکٹ کے شوقین بھی ہیں، میچ میں شرکت کریں گے اور انگلینڈ کی سابق کرکٹر اور کمنٹیٹر عیسی گوہا کے ہمراہ ٹرافی کے ساتھ گرائونڈ میں آئیں گے۔ نبھان رضوان نے کہا کہ وہ لارڈز میں اس خصوصی دن کا حصہ بننے پر خوش ہیں اور امید کرتے ہیں کہ شائقین یونیسف کے ذریعے بچوں کی مدد کے لیے بھرپور تعاون کریں گے۔
مہم کے دوران لارڈز کی بڑے سکرینز پر خصوصی پیغامات اور عطیات کی اپیلیں نشر کی جائیں گی جبکہ شائقین میں ایسے کارڈز تقسیم کیے جائیں گے جن پر کیو آر کوڈ موجود ہوگا تاکہ وہ آسانی سے عطیات دے سکیں، جس کا مقصد بچوں کی آواز کو اجاگر کرنا اور انہیں ایک مضبوط اور مثبت قوت کے طور پر سامنے لانا ہے۔ پروگرام اس بات پر زور دیتا ہے کہ بچے سیکھنے، کھیلنے اور ترقی کرنے کی صلاحیت کے ساتھ پیدا ہوتے ہیں۔آئی سی سی ویمنز ٹی20 ورلڈ کپ2026 کے دوران کرکٹ فار گڈ پروگرام کے تحت تمام 12 شریک ٹیمیں میزبان شہروں کے سکولوں کی طالبات کے ساتھ کرکٹ سیشنز میں بھی حصہ لیں گی۔ اس اقدام سے600 سے زائد نوجوان کرکٹرز کو بین الاقوامی کھلاڑیوں سے ملاقات کا موقع ملے گا۔
آئی سی سی کے ترجمان نے کہا کہ ویمنز ٹی20 ورلڈ کپ لوگوں کو ایک پلیٹ فارم پر جمع کرنے کا بہترین موقع فراہم کرتا ہے اور لارڈز میں یہ خصوصی تقریب یونیسف کے بچوں کی زندگیوں میں مثبت تبدیلی لانے والے کاموں کی حمایت کے لیے نہایت اہم ہے۔ انہوں نے کہا کہ کرکٹ فار گڈ کے ذریعے آئی سی سی اور یونیسف کی شراکت داری کھیل کے ذریعے معاشرتی اثرات پیدا کرنے کی بہترین مثال ہے۔
یونیسف یوکے کی ہیڈ آف کارپوریٹ بزنس ڈویلپمنٹ لامس سروخ نے کہا کہ موجودہ دور میں جب دنیا بھر کے بچے سنگین چیلنجز کا سامنا کر رہے ہیں، ایسی شراکت داریاں نہایت اہم ہیں تاکہ یونیسف ہر بچے تک پہنچ سکے اور انہیں ہنگامی امداد، ضروری سامان اور تعلیم کے مواقع فراہم کر سکے۔ انہوں نے شائقین سے اپیل کی کہ وہ اس مہم میں بھرپور تعاون کریں تاکہ زیادہ سے زیادہ بچوں کی زندگیاں بہتر بنائی جا سکیں۔








