چینی کمپنی کے وفد کا راولپنڈی ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کا دورہ، ویسٹ ری سائیکلنگ منصوبوں میں دلچسپی کا اظہار

چینی کمپنی کے وفد کا راولپنڈی ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کا دورہ، ویسٹ ری سائیکلنگ منصوبوں میں دلچسپی کا اظہار

راولپنڈی۔23جون (اے پی پی):چین کی معروف کمپنی کیائوین سٹی مینجمنٹ کمپنی کے وائس پریذیڈنٹ مارک وان نے اپنی ٹیم کے ہمراہ راولپنڈی ویسٹ مینجمنٹ کمپنی (آر ڈبلیو ایم سی) کے ہیڈ آفس، ٹرانسفر سٹیشن اور ڈمپ سائٹ کا دورہ کیا۔ دورے کا مقصد راولپنڈی میں ویسٹ ری سائیکلنگ اور جدید ویسٹ ڈسپوزل منصوبوں کے امکانات کا جائزہ لینا تھا۔

اس موقع پر چینی وفد کو شہر میں صفائی کے نظام، کچرے کی منتقلی، تلفی اور مستقبل میں ویسٹ ٹو ریسورسز منصوبوں کے حوالے سے بریفنگ دی گئی۔ وفد نے سالڈ ویسٹ مینجمنٹ کے مختلف آپریشنز کا مشاہدہ کیا اور جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے ویسٹ مینجمنٹ کے شعبے میں تعاون میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا۔چینی وفد نے منیجنگ ڈائریکٹر ستھرا پنجاب ایجنسی راولپنڈی رانا ساجد صفدر اور سینئر منیجر آپریشنز ڈاکٹر حامد اقبال سے بھی ملاقات کی۔

ملاقات کے دوران ویسٹ ری سائیکلنگ، ماحول دوست کچرا تلفی، سرمایہ کاری کے مواقع اور مستقبل میں باہمی تعاون کے امکانات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔اس موقع پر وفد کو راولپنڈی ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کی جانب سے صفائی آپریشنز، مشینری، افرادی قوت اور شہریوں کو فراہم کی جانے والی خدمات بارے بھی آگاہ کیا گیا۔چینی وفد نے راولپنڈی میں صفائی کے نظام اور ویسٹ مینجمنٹ آپریشنز کو سراہتے ہوئے اس شعبے میں مشترکہ منصوبوں، سرمایہ کاری اور جدید ٹیکنالوجی کے فروغ کے لئے بھرپور دلچسپی کا اظہار کیا۔

وفد کے ارکان کا کہنا تھا کہ ویسٹ ری سائیکلنگ اور جدید ویسٹ مینجمنٹ سسٹمز کے ذریعے نہ صرف ماحولیات کے تحفظ کو یقینی بنایا جا سکتا ہے بلکہ معاشی فوائد بھی حاصل کئے جا سکتے ہیں۔حکام کے مطابق اس دورے سے پاکستان اور چین کے درمیان ویسٹ مینجمنٹ کے شعبے میں تعاون کے نئے مواقع پیدا ہونے کی توقع ہے جس سے راولپنڈی میں جدید اور پائیدار ویسٹ مینجمنٹ منصوبوں کی راہ ہموار ہو سکتی ہے۔