بھکر،محرم الحرام میں امن کے لیے پاک فوج کے دستے تیار، ڈی سی اور لیفٹیننٹ کرنل کی زیر صدارت امن کمیٹی اجلاس

بھکر،محرم الحرام میں امن کے لیے پاک فوج کے دستے تیار، ڈی سی اور لیفٹیننٹ کرنل کی زیر صدارت امن کمیٹی اجلاس

بھکر۔ 23 جون (اے پی پی):ڈپٹی کمشنر احسان علی جمالی اور لیفٹیننٹ کرنل ندیم حسن کی زیرِ صدارت ضلع بھر میں محرم الحرام کے دوران مثالی امن و امان کی فضا کو برقرار رکھنے کے حوالے سے خصوصی ضلعی امن کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوا۔اجلاس میں ممبران امن کمیٹی،علمائے کرام اورقانون نافذ کرنے والے اداروں کے سربراہان نے شرکت کی۔اجلاس میں ممبران ضلعی امن کمیٹی رانا آفتاب احمد،مولانا قلب محمد علی شاہانی،رانا محمد اشرف، سید قیصر عباس نقوی،زبیر محمود مغل،قاری عبدالشکور،شیخ محمد ایوب،امیر اقبال کہاوڑ،نذیر احمد کھیمٹہ،سید کریم حیدر شاہ سمیت دیگر معززین شریک ہوئے۔

اس موقع پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل ڈاکٹر ارشد وٹو بھی موجود تھے۔ڈپٹی کمشنر احسان علی جمالی نےخطاب کرتے ہوئے کہا کہ ضلع بھکر میں عشرہ محرم الحرام کی مجالس اور جلوس عزا کا انعقاد بخیر و عافیت جاری ہے اور بھائی چارے کی فضا مکمل طور پر برقرار ہے جس میں ضلعی امن کمیٹی کے ممبران،علمائے کرام اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی مشترکہ کاوشوں کا بھی خصوصی کردار ہے۔انہوں نے کہا کہ ضلع میں مثالی امن و امان کو برقرار رکھنے کے لیے علماء کرام کا مثبت کردار معاشرتی ہم آہنگی کے فروغ میں بنیادی اہمیت کا حامل ہے۔

اجلاس سےلیفٹیننٹ کرنل ندیم حسن نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عشرہ محرم الحرام کے دوران ضلع بھر میں امن وامان قائم رکھنے کے لیے پاک فوج کے دستے ضلعی انتظامیہ اور پولیس کی معاونت کے لیے ہمہ وقت تیار ہیں۔انہوں نے کہا کہ قیامِ امن کے سلسلہ میں ضلعی انتظامیہ اور پولیس کو ہر ممکن معاونت فراہم کی جائے گی تاکہ عزاداران اپنے مذہبی فرائض پرامن ماحول میں انجام دے سکیں۔انہوں نے گفتگو کرتے ہوئے کہا اسلام امن پسندی کا درس دیتا ہے سب مسلمان آپس میں بھائی بھائی ہیں کربلا ہمیں صبر،جرات وہمت اور استقامت کا درس دیتی ہے۔

اجلاس سےخطاب کرتے ہوئے ممبران امن کمیٹی نے اس عزم کا اظہار کیا کہ ضلع بھکر میں محرم الحرام کے پرامن انعقاد کے لیے حسبِ روایت ضلعی انتظامیہ کے ساتھ بھرپور تعاون جاری رکھا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ ضلع بھکر ہمارا اپنا شہر ہے اور یہاں امن، بھائی چارے اور مذہبی ہم آہنگی کی فضا کو ہر صورت برقرار رکھا جائے گا۔ممبران امن کمیٹی کا کہنا تھا کہ ہم سب سے پہلے مسلمان ہیں اور اتحاد، رواداری اور باہمی احترام ہی ہمارے معاشرے کی اصل طاقت ہے۔