غازی کوٹ میں 7 محرم کا مرکزی جلوس پُرامن اختتام پذیر

غازی کوٹ میں 7 محرم کا مرکزی جلوس پُرامن اختتام پذیر

مانسہرہ۔ 23 جون (اے پی پی):غازی کوٹ مانسہرہ میں 7 محرم الحرام کا مرکزی ماتمی جلوس سخت سیکیورٹی انتظامات میں اپنے مقررہ راستوں سے ہوتا ہوا علی مسجد میں پُرامن طور پر اختتام پذیر ہوگیا ۔ جلوس کے دوران 350 سے زائد پولیس افسران و اہلکار تعینات رہے جبکہ ایلیٹ فورس،سی ٹی ڈی،اسپیشل برانچ اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں نے بھی سیکیورٹی فرائض انجام دیے۔

ڈی پی او محمد اظہر خان نے جلوس سے قبل روٹس،امام بارگاہوں اور حساس مقامات کا دورہ کرکے انتظامات کا جائزہ لیا۔ جلوس کے داخلی و خارجی راستوں پر واک تھرو گیٹس،میٹل ڈیٹیکٹرز اور سی سی ٹی وی کیمروں کے ذریعے نگرانی کی گئی جبکہ بم ڈسپوزل اسکواڈ اور سنیفر ڈاگز کی مدد سے جلوس کے روٹس کو کلیئر کیا گیا،ڈی پی او نے جلوس کے پُرامن انعقاد پر پولیس،سیکیورٹی اداروں اور منتظمین کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ محرم الحرام کے دوران امن و امان کا قیام اور عزاداران کے جان و مال کا تحفظ پولیس کی اولین ترجیح ہے۔