ڈپٹی کمشنر مری کا مریم نواز ہیلتھ کلینک کا دورہ

ڈپٹی کمشنر مری کا مریم نواز ہیلتھ کلینک کا دورہ

راولپنڈی۔ 23 جون (اے پی پی):ڈپٹی کمشنر مری آغا ظہیر عباس شیرازی نے مریم نواز ہیلتھ کلینک کالی مٹی کا دورہ کر کے عوام کو فراہم کی جانے والی طبی سہولیات کا جائزہ لیا۔منگل کو دورے کے دوران ڈپٹی کمشنر نے کلینک میں ادویات کی دستیابی، صفائی ستھرائی کے انتظامات، مریضوں کو فراہم کی جانے والی طبی خدمات اور عملے کی حاضری کا معائنہ کیا۔ انہوں نے طبی عملے سے ملاقات کرتے ہوئے ہدایت کی کہ عوام کو معیاری، بروقت اور موثر طبی سہولیات کی فراہمی کو ہر صورت یقینی بنایا جائے۔

اس موقع پر آغا ظہیر عباس شیرازی نے زیر علاج مریضوں اور ان کے لواحقین سے بھی ملاقات کی اور طبی سہولیات کے حوالے سے ان کی آراء، تجاویز اور مسائل سے آگاہی حاصل کی۔ انہوں نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ عوام کو درپیش مسائل کے فوری حل کے لیے عملی اقدامات کیے جائیں۔اس موقع پر ڈپٹی کمشنر آغا ظہیر عباس شیرازی نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ عوامی فلاح و بہبود، صحت اور تعلیم کے شعبوں کی بہتری کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لا رہی ہے۔

انہوں نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ صحت اور خصوصی تعلیم کے اداروں میں سہولیات کی فراہمی، صفائی، نظم و ضبط اور سروس ڈیلیوری کے معیار کو مزید بہتر بنایا جائے تاکہ عوام بالخصوص خصوصی افراد کو بہترین اور باوقار خدمات فراہم کی جا سکیں۔انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ ضلعی انتظامیہ مری عوامی خدمت کے مشن کو مزید مؤثر بنانے اور سرکاری اداروں کی کارکردگی بہتر بنانے کے لیے ایسے دوروں اور نگرانی کے عمل کو مسلسل جاری رکھے۔