ایف ڈی ای اور سپورٹس بورڈ کے اشتراک سے سمر سپورٹس کیمپ کامیابی سےجاری

ایف ڈی ای اور سپورٹس بورڈ کے اشتراک سے سمر سپورٹس کیمپ کامیابی سےجاری

اسلام آباد۔23جون (اے پی پی):فیڈرل ڈائریکٹوریٹ آف ایجوکیشن (ایف ڈی ای) اور پاکستان سپورٹس بورڈ کے اشتراک سے پاکستان سپورٹس کمپلیکس اسلام آباد میں سمر سپورٹس کیمپ 2026 کامیابی کے ساتھ جاری ہے جس میں وفاقی دارالحکومت کے مختلف سرکاری تعلیمی اداروں کے طلباء و طالبات بھرپور شرکت کر رہے ہیں۔ ایف ڈی ای کے مطابق 15 جون سے 25 جون 2026 تک جاری رہنے والے اس خصوصی کیمپ کا مقصد نوجوان نسل کو صحت مند سرگرمیوں کی جانب راغب کرنا، کھیلوں کی صلاحیتوں کو فروغ دینا اور مستقبل کے قومی و بین الاقوامی کھلاڑیوں کی تیاری میں معاونت فراہم کرنا ہے۔

کیمپ کے انعقاد میں ڈائریکٹر جنرل فیڈرل ڈائریکٹوریٹ آف ایجوکیشن جاوید مرزا کی خصوصی سرپرستی شامل ہے جبکہ محی الدین احمد وانی نے تعلیمی اداروں اور کھیلوں کے شعبے کے درمیان مؤثر رابطہ کاری کے ذریعے نوجوانوں کے لئے کھیلوں کے بہتر مواقع کی فراہمی میں اہم کردار ادا کیا ہے۔ڈائریکٹر سپورٹس ایف ڈی ای عاصمہ احمد نے طلباء و طالبات کی زیادہ سے زیادہ شرکت یقینی بنانے کے لئے خصوصی اقدامات کئے جن کے نتیجے میں اسلام آباد اور وفاقی تعلیمی اداروں سے بڑی تعداد میں نوجوان کیمپ میں شریک ہو رہے ہیں۔

سمر سپورٹس کیمپ میں ہاکی، والی بال، ٹیبل ٹینس، بیڈمنٹن، سائیکلنگ اور شطرنج سمیت مختلف کھیلوں کی تربیتی سرگرمیاں جاری ہیں۔ ہاکی کے مقابلے اور تربیتی سیشنز نصیر بندہ ہاکی سٹیڈیم میں جبکہ ٹیبل ٹینس اور بیڈمنٹن کی سرگرمیاں روڈہم ہال میں منعقد کی جا رہی ہیں۔ دیگر کھیلوں کے لئے بھی پاکستان سپورٹس کمپلیکس میں الگ الگ وینیوز مختص کئے گئے ہیں۔شرکاء کی سہولت کے لئے فیڈرل ڈائریکٹوریٹ آف ایجوکیشن نے طلباء و طالبات کو ان کے تعلیمی اداروں سے پاکستان سپورٹس کمپلیکس لانے اور واپس پہنچانے کے لئے خصوصی ٹرانسپورٹ کا انتظام بھی کیا ہے جسے والدین، اساتذہ اور طلبہ نے سراہا ہے۔

ماہرین تعلیم اور کھیلوں کے شعبے سے وابستہ شخصیات کا کہنا ہے کہ یہ کیمپ نوجوانوں میں جسمانی فٹنس، نظم و ضبط، ٹیم ورک، قائدانہ صلاحیتوں اور مثبت طرز زندگی کے فروغ میں اہم کردار ادا کر رہا ہے۔ قومی سطح کے کوچز کی نگرانی میں تربیت حاصل کرنے والے طلباء و طالبات اپنی فنی مہارتوں کو نکھارنے کے ساتھ ساتھ اعلیٰ سطح کے مقابلوں کے لئے بھی خود کو تیار کر رہے ہیں۔

تعلیمی اور کھیلوں کے حلقوں نے ایف ڈی ای اور پاکستان سپورٹس بورڈ کے اس مشترکہ اقدام کو نوجوان ٹیلنٹ کی نشوونما اور ملک میں کھیلوں کے فروغ کے لئے ایک اہم پیشرفت قرار دیتے ہوئے امید ظاہر کی ہے کہ ایسے پروگرام مستقبل میں بھی تسلسل کے ساتھ جاری رہیں گے۔