راولپنڈی میں مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افرادنے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کو خوش آئند قراردے دیا

راولپنڈی میں مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افرادنے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کو خوش آئند قراردے دیا

راولپنڈی۔23جون (اے پی پی):راولپنڈی میں مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے شہریوں، تاجروں، ٹرانسپورٹرز، طلبہ اور ملازمت پیشہ افراد نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں حالیہ نمایاں کمی کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ اس فیصلے سے سفری اخراجات میں کمی کے ساتھ ساتھ مہنگائی میں بھی بتدریج کمی کی توقع ہے۔راولپنڈی کے رہائشی محمد عمران نے ’’اے پی پی‘‘ سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پٹرول کی قیمتوں میں کمی سے روزانہ سفر کرنے والے افراد کو فوری ریلیف ملا ہے، ملازمت پیشہ طبقہ اپنی آمدنی کا بڑا حصہ سفری اخراجات پر خرچ کرتا ہے، اس لیے اس فیصلے سے گھریلو بجٹ پر مثبت اثرات مرتب ہوں گے۔راجہ بازار کے تاجر محمد ارشد نے کہا کہ ایندھن سستا ہونے سے سامان کی ترسیل کے اخراجات میں کمی آئے گی جس سے کاروباری سرگرمیوں کو فروغ ملے گا۔

انہوں نے امید ظاہر کی کہ ہول سیل اور ریٹیل سطح پر بھی اس کے اثرات ظاہر ہوں گے اور اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں استحکام پیدا ہوگا۔ ٹیکسی ڈرائیور وقاص احمد نے کہا کہ پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں کمی سے ٹرانسپورٹ سیکٹر کو بڑا ریلیف ملا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ گزشتہ مہینوں کے دوران ایندھن مہنگا ہونے سے ٹرانسپورٹرز شدید مالی دبائو کا شکار تھے جبکہ اب آپریشنل اخراجات میں واضح کمی آئے گی۔یونیورسٹی کی طالبہ عائشہ بشیر نے کہا کہ روزانہ تعلیمی اداروں تک سفر کرنے والے ہزاروں طلبہ کو اس فیصلے سے فائدہ پہنچے گا، خصوصاً اگر ٹرانسپورٹ کرایوں میں کمی برقرار رکھی گئی تو طلبہ کے ماہانہ اخراجات میں نمایاں کمی آئے گی۔

آن لائن کاروبار سے وابستہ نوجوان فہد خان نے کہا کہ کورئیر، ڈیلیوری اور ٹرانسپورٹ لاگت میں کمی سے ای کامرس سیکٹر کو بھی فائدہ پہنچے گا اور چھوٹے کاروباروں کے لیے معاشی سرگرمیاں بہتر ہوں گی۔گھریلو خاتون شازیہ پروین نے کہا کہ عوام کو حقیقی ریلیف اسی صورت ملے گا جب پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کے اثرات اشیائے خوردونوش، سبزیوں، پھلوں اور دیگر ضروری اشیاء کی قیمتوں میں بھی نظر آئیں ۔ انہوں نے حکومت سے مارکیٹ پر موثر نگرانی کا مطالبہ کیا۔اقتصادی ماہرین کے مطابق پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی سے ٹرانسپورٹ، صنعت، زراعت اور تجارت سمیت متعدد شعبوں کے اخراجات میں کمی آ سکتی ہے جس کے نتیجے میں مجموعی معاشی سرگرمیوں کو فروغ اور مہنگائی میں کمی کا امکان ہے۔

دریں اثناء پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کے اثرات عوام تک منتقل کرنے کے حوالے سے ریجنل ٹرانسپورٹ اتھارٹی (آر ٹی اے) راولپنڈی کے زیر اہتمام اجلاس منعقد ہوا جس کی صدارت سیکرٹری آر ٹی اے اسد عباس شیرازی نے کی۔ اجلاس میں ٹرانسپورٹ یونین کے عہدیداروں اور متعلقہ حکام نے شرکت کی۔اجلاس میں اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کا فائدہ براہ راست عوام تک پہنچایا جانا چاہیے۔

اس سلسلے میں پبلک ٹرانسپورٹ اور گڈز ٹرانسپورٹ کے کرایوں میں 12 سے 18 فیصد تک کمی کا فیصلہ کیا گیا جو فوری طور پر نافذ العمل ہوگا۔فیصلے کے مطابق ڈیزل پر چلنے والی اے سی مسافر گاڑیوں کے کرایوں میں 12 فیصد، ڈیزل پر چلنے والی نان اے سی مسافر گاڑیوں کے کرایوں میں 15 فیصد، پٹرول پر چلنے والی پبلک ٹرانسپورٹ کے کرایوں میں 15 فیصد جبکہ مال بردار ٹرانسپورٹ کے کرایوں میں 18 فیصد کمی کی گئی ہے۔

سیکرٹری آر ٹی اے اسد عباس شیرازی نے کہا کہ نئے کرایوں پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنایا جائے گا اور تمام ٹرانسپورٹ اڈوں اور گاڑیوں پر نئے کرایہ نامے آویزاں کرنے کے احکامات جاری کر دیئے گئے ہیں۔ انہوں نے خبردار کیا کہ زائد کرایہ وصول کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔انہوں نے شہریوں سے اپیل کی کہ اگر کسی ٹرانسپورٹر کی جانب سے نئے کرایوں پر عملدرآمد نہ کیا جائے تو وہ 1071 پر کال کرکے شکایت درج کرائیں تاکہ فوری کارروائی ممکن بنائی جا سکے۔