محرم الحرام کے لیے خصوصی سکیورٹی پلان جاری

محرم الحرام کے لیے خصوصی سکیورٹی پلان جاری

فیصل آباد ۔ 23 جون (اے پی پی):ایس ایس پی پنجاب ہائی وے پٹرول فیصل آباد ریجن مرزا انجم کمال نے محرم الحرام کے دوران امن و امان کے قیام، مجالس و جلوسوں کے شرکا کے جان و مال کے تحفظ اور کسی بھی ناخوشگوار واقعہ کی روک تھام کے لیے خصوصی سکیورٹی پلان ترتیب دےدیا ہے۔ منگل کو ترجمان پنجاب ہائی وے پیٹرول کے مطابق سکیورٹی پلان کے تحت انہوں نے تمام ڈسٹرکٹ ڈی ایس پیز، پوسٹ انچارجز اور فیلڈ سٹاف کو ہدایت جاری کی ہے کہ یکم تا دس محرم الحرام کے دوران فول پروف سکیورٹی انتظامات کو یقینی بنایا جائے اور تمام طے شدہ ایس او پیز پر سختی سے عمل درآمد کیا جائے۔

ان پٹرولنگ پوسٹس کے بیٹ ایریاز میں واقع امام بارگاہوں اور حساس مقامات پر خصوصی توجہ دی جائے گی ۔ متعلقہ اضلاع کے ڈی ایس پیز اور پوسٹ انچارجز مجالس و جلوسوں کے اوقات میں سرکاری گاڑیوں کی مناسب پوزیشننگ کو یقینی بنائیں گے جبکہ موٹر سائیکل گشت بھی مسلسل جاری رکھا جائے گا۔انہوں نے بتایا کہ ایس ایس پی مرزا انجم کمال نے ہدایت کی ہے کہ مجالس، جلوسوں، ان کے روٹس اور حساس مقامات پر خصوصی نگرانی رکھی جائے، شرکا کی محفوظ آمد و رفت کو یقینی بنایا جائے اور ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے کے لیے مؤثر اقدامات کیے جائیں۔

مشکوک افراد، سرگرمیوں، لاوارث اشیا اور مشتبہ گاڑیوں پر کڑی نظر رکھی جائے اور کسی بھی مشکوک صورتحال کی فوری اطلاع متعلقہ افسران کو دی جائے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پنجاب پولیس، اسپیشل برانچ، ریسکیو 1122 اور دیگر متعلقہ اداروں کے ساتھ مکمل رابطہ اور مؤثر کوآرڈینیشن برقرار رکھی جائے، تمام پٹرولنگ ٹیمیں فرسٹ ایڈ کٹ، مواصلاتی آلات اور دیگر ہنگامی سامان ہمراہ رکھیں اور ان کی فعالیت کو ہر وقت یقینی بنائیں۔ نفری کو سکیورٹی خدشات، ایس او پیز اور ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے طریقہ کار کے حوالے سے باقاعدگی سے بریف کیا جائے جبکہ کسی بھی ایمرجنسی، ناخوشگوار واقعہ یا سکیورٹی خدشے کی اطلاع فوری طور پر چین آف کمانڈ کے مطابق اعلیٰ افسران کو دی جائے۔

ایس ایس پی پنجاب ہائی وے پٹرول فیصل آباد ریجن مرزا انجم کمال نے اس عزم کا اظہار کیا کہ محرم الحرام کے دوران امن و امان کے قیام اور عوام کے جان و مال کے تحفظ کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں گے اور سکیورٹی کے فول پروف انتظامات کو ہر صورت یقینی بنایا جائے گا۔ انہوں نے شہریوں سے اپیل کی کہ کسی بھی ہنگامی صورتحال یا شکایت کی صورت میں پنجاب ہائی وے پٹرول کی ہیلپ لائن 1124 پر فوری رابطہ کریں۔