بجٹ سازی کے عمل کی تکمیل کے بعد توجہ پالیسی سازی سے آگے بڑھ کر اس کے موثر نفاذ پر مرکوز ہوگی،خرم شہزاد

بجٹ سازی مکمل، اب توجہ مؤثر نفاذ پر ہوگی، نئے سفر کا آغاز ہو چکا ہے: خرم شہزاد

اسلام آباد۔23جون (اے پی پی):وفاقی وزیر خزانہ کے مشیرخرم شہزادنے کہاہے کہ بجٹ سازی کے عمل کی تکمیل کے بعد ہماری توجہ پالیسی سازی سے آگے بڑھ کر اس کے موثر نفاذ پر مرکوز ہوگی، نئے سفر کا آغاز ہوچکاہے۔

منگل کویہاں سماجی رابطہ کی ویب سائیٹ ایکس پراپنے جاری بیان میں انہوں نے کہاکہ پاکستان کی پارلیمان نے آج فنانس بل 2026 کی منظوری دیدی ہے جس کے ساتھ ہی بجٹ 27۔2026باقاعدہ طور پر نافذ العمل ہو گیا۔ یہ مرحلہ دونوں ایوانوں میں تفصیلی بحث، پارلیمانی جانچ پڑتال اور قائمہ کمیٹیوں کی سفارشات پر غور کے بعد مکمل ہوا۔مشیرخزانہ نے کہاکہ جبکہ بجٹ سازی کا عمل اختتام کو پہنچ چکا ہے، ہماری توجہ پالیسی سازی سے آگے بڑھ کر اس کے موثر نفاذ پر مرکوز ہوگی۔ اصلاحات کو عملی جامہ پہنانا، معیشت کو مزید مسابقتی بنانا، برآمدات میں اضافہ، سرمایہ کاری کا فروغ، روزگار کے نئے مواقع پیدا کرنا اور عوام کی زندگیوں میں بہتری لانا ہماری ترجیحات ہیں۔انہوں نے کہاکہ پاکستان جہاں اندرونِ ملک اپنی معاشی بنیادوں کو مزید مستحکم کر رہا ہے اور عالمی سطح پر اپنا مقام مضبوط بنا رہا ہے، وہیں اب ہماری توجہ اصلاحات کی رفتار تیز کرنے، سرمایہ کاری کو فروغ دینے، برآمدات بڑھانے اور زیادہ سے زیادہ روزگار کے مواقع پیدا کرنے پر مرکوز رہے گی۔خرم شہزادنے کہاکہ اس موقع پر ہم کاروباری برادری، چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری، تجارتی انجمنوں، بزنس کونسلز، برآمد کنندگان، سرمایہ کاروں اور مارکیٹ کے دیگر شراکت داروں کے بھی تہ دل سے شکر گزار ہیں، جن کی قیمتی آرا، تعمیری مشاورت اور پالیسی تجاویز نے بجٹ سازی کے عمل کو مزید موثر اور جامع بنانے میں اہم کردار ادا کیا۔انہوں نے کہاکہ وزیرِ خزانہ کی مدبرانہ قیادت میں ایک غیر معمولی ٹیم کے ساتھ اس قومی کاوش میں اپنا ایک معمولی سا کردار ادا کرنا ان کیلئے باعث اعزاز ہے۔انہوں نے مزیدکہاکہ استحکام سے پائیدار ترقی تک کا سفر کامیابی سے جاری ہے۔