پنجاب کی سرکاری جامعات میں 18 ویمن ڈویلپمنٹ سینٹرز کا قیام، خواتین کی معاشی خودمختاری کی جانب اہم قدم: سعدیہ تیمور
پنجاب بھر کی سرکاری جامعات میں 18ویمن ڈویلپمنٹ سینٹرقائم کئے گئے ہیں،پارلیمانی سیکرٹری برائے ترقیِ خواتین

مزید خبریں
لاہور۔23جون (اے پی پی):پارلیمانی سیکرٹری برائے ترقیِ خواتین سعدیہ تیمور نے کہا کہ پنجاب بھر کی سرکاری جامعات میں18 ویمن ڈویلپمنٹ سینٹر قائم کیے گئے ہیں اور یہ اقدام صوبے میں خواتین کی معاشی خودمختاری کی سمت ایک انقلابی قدم ہے۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ یہ مراکز ڈائریکٹوریٹ آف ویمن ڈویلپمنٹ پنجاب کے تحت اس بنیادی مقصد کے ساتھ قائم کیے گئے ہیں کہ خواتین کو ان کے مستقبل کے اہداف طے کرنے اور ذاتی و پیشہ ورانہ مہارتیں حاصل کرنے میں رہنمائی، تعلیم اور سہولت فراہم کی جا سکے۔انہوں نے بتایا کہ یہ مراکز پنجاب کی نمایاں ترین سرکاری جامعات میں قائم کیے گئے ہیں جن میں جی سی یونیورسٹی لاہور، یونیورسٹی آف پنجاب، لاہور کالج فار ویمن یونیورسٹی، بہائوالدین زکریا یونیورسٹی ملتان اور فاطمہ جناح ویمن یونیورسٹی راولپنڈی سمیت دیگر ادارے شامل ہیں۔ پارلیمانی سیکرٹری نے کہا کہ ان مراکز میں سی وی بنانا، ملازمت کی تلاش، ویب ڈویلپمنٹ، کیریئر پلاننگ اور تحقیقی سرگرمیوں میں منظم تربیت فراہم کی جاتی ہے جو خواتین کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرتی ہے۔انہوں نے کہا کہ ان مراکز کو جامعات کے اندر قائم کر کے حکومت کا ہدف یہ ہے کہ خواتین کو ان کی تعلیمی زندگی کے اہم ترین مرحلے پر سہولت فراہم کی جائے تاکہ وہ تعلیم سے روزگار کی طرف اعتماد اور تیاری کے ساتھ قدم رکھ سکیں۔انہوں نے کہا کہ یہ اقدام صوبائی حکومت کے اس وسیع عزم کا حصہ ہے جس کا مقصد خواتین کو پاکستان کی معیشت میں بھرپور طریقے سے شامل کرنا ہے۔ اس پروگرام کو مزید وسعت دینے پر بھی غور کیا جا رہا ہے۔








