بیوٹیفکیشن منصوبوں میں معیار اور پرفیکشن پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا،کمشنر ملتان
بیوٹیفکیشن منصوبوں میں معیار اور پرفیکشن پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا،کمشنر ملتان

مزید خبریں
ملتان۔ 23 جون (اے پی پی):کمشنر ملتان عامر کریم خان نے ہدایت کی ہے کہ جاری بیوٹیفکیشن سکیموں پر اعلیٰ معیار، باریک بینی اور مقررہ ٹائم لائن کے تحت عملدرآمد یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ شہر ی خوبصورتی، سہولت اور پائیدار ترقی کے اہداف کے حصول کے لیے تمام منصوبوں میں بہترین معیار برقرار رکھنا ناگزیر ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔کمشنر نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ وہ منصوبوں کی ہر تکنیکی جزئیات کا خود موقع پر جا کر معائنہ کریں اور تعمیراتی کام کے معیار پر خصوصی توجہ دیں۔
انہوں نے کہا کہ ٹف ٹائلز، ڈرینج سسٹم، اسٹریٹ لائٹس، پولز اور دیگر تعمیراتی اجزاء کے معیار پر کسی قسم کا سمجھوتہ قبول نہیں کیا جائے گا۔کمشنر نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب خود بیوٹیفکیشن سکیموں کی پیش رفت کا مسلسل جائزہ لے رہی ہیں، اس لیے تمام منصوبوں میں پرفیکشن اور معیار کو یقینی بنا یا جائے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ جدید ٹیکنالوجی سے فا ئدہ اٹھاتے ہوئے تھری ڈی ویژولائزیشن اور مصنوعی ذہ انت (اے آئی) کے ذریعے منصوبوں کے معیار اور ڈیزائن کا پیشگی جائزہ لیا جائے تاکہ خامیوں کو بروقت دور کیا جا سکے۔
انہوں نے مزید کہا کہ بیوٹیفکیشن منصوبے ہر صورت مقررہ مدت میں مکمل کیے جائیں اور کسی بھی ترقیاتی سکیم میں غیر ضروری تاخیر برداشت نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ برانڈ روڈ سمیت تمام جاری منصوبوں میں شہری سہولت اورخوبصورتی کو یکجا کیا جا رہا ہے تاکہ عوام کو بہتر شہری ماحول میسر آ سکے۔اجلاس میں محرم الحرام کے انتظامات کا بھی جائزہ لیا گیا۔ کمشنر نے ہدایت کی کہ جلوسوں کے تمام روٹس سے ملبہ، تعمیراتی سامان اور دیگر رکاوٹیں فوری طور پر ہٹا دی جائیں۔
انہوں نے متعلقہ اداروں کو تاکید کی کہ جلو سوں کے راستوں کو صاف، محفوظ اور ہر قسم کی رکا وٹ سے پاک رکھا جائے تاکہ عزاداروں کو کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے اور مذہبی سرگرمیاں پرامن ماحول میں انجام دی جا سکیں۔اس موقع پر دیگرافسران بھی موجود تھے۔








