رانا مشہود احمد خاں کا نامور موسیقار طارق طافو کے انتقال پر اظہار افسوس

رانا مشہود احمد خاں کا نامور موسیقار طارق طافو کے انتقال پر اظہار افسوس

اسلام آباد۔23جون (اے پی پی):چیئرمین وزیراعظم یوتھ پروگرام رانا مشہود احمد خاں نے نامور موسیقار اور گلوکار طارق طافو کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے ۔ منگل کو وزیراعظم یوتھ پروگرام سے جاری بیان کے مطابق انہوں نے کہا کہ طارق طافو پاکستان کی موسیقی اور ثقافتی ورثے کی ایک نمایاں شخصیت تھے، طارق طافو نے اپنی آواز اور تخلیقی کام سے پاکستان کی ثقافت کو قومی اور بین الاقوامی سطح پر متعارف کرانے میں اہم کردار ادا کیا۔

رانا مشہود احمد خاں نے کہا کہ ان کا مقبول گیت "لہور لہور اے” پاکستانی ثقافت کی پہچان بن گیا اور دنیا بھر میں پذیرائی حاصل کرتا رہا، مرحوم نے متعدد نوجوان فنکاروں کی حوصلہ افزائی کی اور انہیں موسیقی کے میدان میں آگے بڑھنے کے مواقع فراہم کئے، انہوں نے پاکستانی موسیقی کے فروغ میں دیرپا اثر چھوڑا۔ انہوں نے کہا کہ ان کی فنی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ چیئرمین وزیراعظم یوتھ پروگرام نے کہا کہ وہ مرحوم کے اہلخانہ، دوستوں اور مداحوں سے دلی تعزیت کا اظہار کرتے ہیں اور ان کے درجات کی بلندی کے لئے دعاگو ہیں۔