کامسیٹس یونیورسٹی اور پیپرا کے درمیان پبلک پروکیورمنٹ میں پیشہ وارانہ تربیت کے سلسلے میں مفاہمتی یادداشت پر دستخط

کامسیٹس یونیورسٹی اسلام آباد (سی یو آئی )اور پبلک پروکیورمنٹ ریگولیٹری اتھارٹی (پیپرا) کے درمیان سپشلائزڈ سرٹیفکیٹ اور ڈپلومہ پروگرامز کے ذریعے پبلک پروکیورمنٹ کے شعبے میں پیشہ وارانہ صلاحیت کو مضبوط بنانے کے لئے مفاہمت کی یادداشت (ایم او یو) پر دستخط ہو گئے۔

اسلام آباد۔24جون (اے پی پی):کامسیٹس یونیورسٹی اسلام آباد (سی یو آئی )اور پبلک پروکیورمنٹ ریگولیٹری اتھارٹی (پیپرا) کے درمیان سپشلائزڈ سرٹیفکیٹ اور ڈپلومہ پروگرامز کے ذریعے پبلک پروکیورمنٹ کے شعبے میں پیشہ وارانہ صلاحیت کو مضبوط بنانے کے لئے مفاہمت کی یادداشت (ایم او یو) پر دستخط ہو گئے۔ بدھ کو منعقدہ تقریب کے دوران مفاہمتی یادداشت پر سی یو آئی اسلام آباد کیمپس میں پیپرا کے منیجنگ ڈائریکٹر حسنات احمد قریشی اور کامسیٹس یونیورسٹی اسلام آباد کے رجسٹرار ڈاکٹر فہیم اے قریشی نے دستخط کئے۔

تقریب کی صدارت سی یو آئی کے ریکٹر پروفیسر ڈاکٹر راحیل قمر نے کی اور دونوں اداروں کے اعلیٰ افسران نے شرکت کی۔معاہدے کے تحت پیشہ وارانہ تربیتی پروگرام کامسیٹس یونیورسٹی اور پیپرا مشترکہ طورپر تیار کریں گے ، اس میں شارٹ سرٹیفکیٹ کورسز ڈپلومہ ہوں گے ، پبلک پروکیورمنٹ کے نظام، کنٹریکٹ مینجمنٹ ، ریگولیٹری تعمیل ، احتساب پر خصوصی توجہ مرکوز ہوگی۔ اس کا مقصد پاکستان میں باقاعدہ پروکیورمنٹ پروفیشنلز کی بڑھتی ہوئی ضرورت کو پورا کرنا ہے ۔یہ پروگرام سرکاری افسران،پروکیورمنٹ پریکٹیشنرز اور یونیورسٹی کے طلبہ کے لئے کھلے ہوں گے جو انہیں موثر خریداری کے انتظام کے لئے درکار علمی اور عملی مہارتیں فراہم کریں گے۔

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے سی یو آئی کے ریکٹر پروفیسر ڈاکٹر راحیل قمر نے کہا کہ یہ پبلک پروکیورمنٹ میں پیشہ وارانہ معیار کو ادارہ جاتی شکل دینے کی بابت ایک اہم قدم ہے ۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ گورننس کو مضبوط بنانے، خدمت کی فراہمی کو بہتر بنانے اور سرکاری اداروں میں شفافیت کو فروغ دینے کے لئے خریداری میں استعدادی صلاحیت کا ہونا بہت ضروری ہے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ اس تعاون کی ایک اہم خصوصیت سی یو آئی کے جدید ڈیجیٹل لرننگ انفراسٹرکچر کا استعمال ہوگا جس میں اے آئی پر مبنی اڈاپٹیو لرننگ ماڈل شامل ہے تاکہ تربیتی مواد پاکستان کے سرکاری شعبے کی ابھرتی ہوئی ضروریات کے مطابق ذاتی نوعیت کا اور ہم آہنگ رہے۔

پیپرا کے منیجنگ ڈائریکٹر حسنات احمد قریشی نے ریگولیٹری اصلاحات اور انسانی سرمائے میں سرمایہ کاری کے ذریعے خریداری کے طریقوں کو بہتر بنانے کےلئے اتھارٹی کے عزم کو اجاگر کیا۔ انہوں نے کہا کہ کامسیٹس کے ساتھ یہ تعاون ایک ہنر مند اور اخلاقی طور پر مضبوط خریداری افرادی قوت تیار کرنے میں مدد کرے گا جو جدید سرکاری شعبے کے چیلنجوں سے نمٹنے کی صلاحیت رکھتی ہو۔مفاہمتی یادداشت میں ایک منظم جائزہ طریقہ کار بھی شامل ہے جس کے تحت دونوں ادارے باقاعدگی سے پروگرام کی کارکردگی کا جائزہ لیں گے اور سرکاری خریداری کے ریگولیٹری فریم ورک میں تبدیلیوں کے مطابق کورس کے مواد کو اپ ڈیٹ کریں گے۔