محرم الحرام سکیورٹی،کمشنر اور آر پی او ڈیرہ کا کمانڈ اینڈ کنٹرول سنٹر کا دورہ

محرم الحرام سکیورٹی،کمشنر اور آر پی او ڈیرہ کا کمانڈ اینڈ کنٹرول سنٹر کا دورہ

پشاور۔ 24 جون (اے پی پی):کمشنر ڈیرہ ڈویژن داؤد خان اور ریجنل پولیس آفیسر ڈیرہ ڈویژن غلام مبشر میکن نے ڈیرہ اسماعیل خان میں جاری مجالس اور جلوسوں کی مانیٹرنگ کے لیے قائم کردہ مرکزی کمانڈ اینڈ کنٹرول سنٹر کا ہنگامی دورہ کیا۔تر جمان ڈی آئی خان پولیس کے مطابق اس موقع پر ڈپٹی کمشنر ڈیرہ حکمت اللہ وزیر اور ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر ضیاء الدین احمد بھی ان کے ہمراہ تھے۔

دورے کے دوران ڈی پی او ڈیرہ ضیاء الدین احمد نے کمشنر اور آر پی او کو محرم الحرام کے سلسلے میں جاری مجالس، روایتی جلوسوں اور بالخصوص یومِ عاشور (دسویں محرم الحرام) کے مرکزی جلوسوں کے روٹس، حساس مقامات اور سکیورٹی پلان کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔بعد ازاں اعلیٰ حکام نے ضلع ڈیرہ کے مرکزی کنٹرول روم کا تفصیلی معائنہ کیا اور وہاں تعینات مختلف محکموں بشمول پاک آرمی، پولیس، ریسکیو 1122، واپڈا، ٹی ایم اے (ٹی ایم او)، پی ٹی سی ایل اور سی اینڈ ڈبلیو (C&W) کے نمائندوں سے ملاقات کی۔ حکام نے تمام اداروں کے فوکل پرسنز سے لائیو مانیٹرنگ اور کوآرڈینیشن کے نظام پر تبادلہ خیال کیا اور جاری جلوسوں کی صورتحال بارے براہِ راست آگاہی حاصل کی۔

سکیورٹی کو جدید خطوط پر استوار کرنے کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کمشنر اور آر پی او نے اینٹی ڈرون جیمرز اور اینٹی ڈرون گنز کا بھی معائنہ کیا اور ان کی آپریشنل صلاحیتوں کو جانچا۔علاوہ ازیں، دورے کے دوران حکام نے کسی بھی ناگہانی یا ہنگامی صورتحال سے فوری اور موثر طریقے سے نمٹنے کے لیے الرٹ کھڑے سکواڈز بشمول اینٹی رائٹ سکواڈ، ریسکیو ایمبولینسز، کوئیک رسپانس فورس (QRF)، ریپڈ رسپانس فورس (RRF)، البرق اور بم ڈسپوزل سکواڈ (BD) کے جوانوں اور افسران سے ملاقات کی اور ان کے حوصلے کو سراہا۔

اس موقع پر سکیورٹی گائیڈ لائنز جاری کرتے ہوئے کمشنر داؤد خان اور آر پی او ڈیرہ غلام مبشر میکن نے تمام متعلقہ اداروں کو ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ محرم الحرام کے دوران امن و امان کا قیام اور تمام مکاتبِ فکر کے شہریوں کا تحفظ ہماری اولین ترجیح ہے۔

تمام ادارے باہمی ہم آہنگی برقرار رکھتے ہوئے الرٹ رہیں اور کسی بھی غفلت یا کوتاہی کی گنجائش نہ چھوڑیں ۔انہوں نے ڈیوٹی پر مامور جوانوں کو انتہائی پیشہ ورانہ مہارت، فرض شناسی اور چوکسی کے ساتھ فرائض سرانجام دینے کی تاکید کی تاکہ ڈیرہ ڈویژن میں بھائی چارے اور پرامن ماحول کو برقرار رکھا جا سکے۔