ریسکیو 1122 راولپنڈی کا یومِ عاشور کے لیے جامع ایمرجنسی پلان نافذ، کوڈ ریڈ جاری، تمام چھٹیاں منسوخ
ریسکیو 1122 راولپنڈی کا یومِ عاشور کے لیے جامع ایمرجنسی پلان نافذ، کوڈ ریڈ جاری، تمام چھٹیاں منسوخ

مزید خبریں
راولپنڈی۔24جون (اے پی پی):ریسکیو 1122 راولپنڈی نے یومِ عاشور (10 محرم الحرام) کے دوران شہریوں کو بروقت اور مؤثر ایمرجنسی سہولیات کی فراہمی کے لیے خصوصی ایمرجنسی کور پلان نافذ کرتے ہوئے "کوڈ ریڈ” جاری کر دیا ہے جبکہ تمام ریسکیو افسران اور اہلکاروں کی چھٹیاں بھی منسوخ کر دی گئی ہیں۔ریسکیو ترجمان کے مطابق ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر راولپنڈی کی ہدایات پر محرم الحرام کے دوران جلوسوں، مجالس اور دیگر مذہبی اجتماعات کے موقع پر کسی بھی ممکنہ ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے خصوصی انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں۔
اس مقصد کے لیے مختلف مقامات پر ریسکیو پوسٹس قائم کی جائیں گی جبکہ اہلکار اور ضروری وسائل بھی تعینات رہیں گے۔ریسکیو حکام کے مطابق یومِ عاشور کے موقع پر ایمرجنسی رسپانس کو مؤثر بنانے کے لیے 32 ایمرجنسی ایمبولینسز، 24 فائر اینڈ ریسکیو ایمرجنسی گاڑیاں اور 100 موٹر بائیک ایمرجنسی سروسز تعینات کی جائیں گی تاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے کی صورت میں فوری امدادی کارروائی یقینی بنائی جا سکے۔
حکام کے مطابق تمام گاڑیوں کو ضروری طبی آلات، ادویات، فائر فائٹنگ اور ریسکیو سامان سے مکمل طور پر لیس رکھا جائے گا تاکہ کسی بھی ایمرجنسی صورتحال سے مؤثر انداز میں نمٹا جا سکے۔ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر راولپنڈی نے اس موقع پر کہا کہ ریسکیو 1122 کے تمام ونگز، اسٹیشنز اور افسران کو اپنی ذمہ داریاں احسن انداز میں انجام دینے کی ہدایات جاری کر دی گئی ہیں تاکہ شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنایا جا سکے۔
انہوں نے مزید کہا کہ تمام تعینات وسائل کی مسلسل نگرانی اور فوری رسپانس کے لیے خصوصی انتظامات کیے گئے ہیں۔ شہریوں سے اپیل کی گئی ہے کہ محرم الحرام کے دوران حفاظتی تدابیر پر عمل کریں۔








