وفاقی اور صوبائی حکام کا محرم الحرام کے سکیورٹی پلانز کا جائزہ

وفاقی اور صوبائی حکام کا محرم الحرام کے سکیورٹی پلانز کا جائزہ

اسلام آباد۔25جون (اے پی پی):وفاقی اور صوبائی حکام نے محرم الحرام کے پرامن انعقاد کو یقینی بنانے کے لیے تیاریاں تیز کر دی ہیں، اعلیٰ سطحی اجلاس میں ملک بھر میں جلوسوں اور مذہبی اجتماعات کے لیے سکیورٹی انتظامات کا جائزہ لیا گیا۔وزیر مملکت برائے داخلہ سینیٹر طلال چوہدری کی زیر صدارت اجلاس میں سیکرٹری داخلہ بھی موجود تھے۔ تمام صوبوں کے علاوہ آزاد جموں و کشمیر (اے جے کے) اور گلگت بلتستان (جی بی) کے ہوم سیکرٹریز اور سینئر پولیس حکام نے بھی اجلاس میں شرکت کی۔

حکام کو محرم کے جلوسوں اور مجالس کے لیے سکیورٹی پلانز کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی گئی، شرکاء نے مذہبی دور کے دوران امن و امان کو برقرار رکھنے کے لیے انتظامات کا جامع جائزہ لیا۔اجلاس میں محرم الحرام کے جلوسوں اور مجالس کے شرکاء، منتظمین اور عام لوگوں کی حفاظت کے لیے مربوط اور فول پروف حفاظتی اقدامات کی ضرورت پر زور دیا گیا اور متعلقہ حکام کو ہدایت کی گئی کہ نگرانی کو مضبوط ، اداروں کے درمیان رابطہ کاری کو بہتر اور حساس علاقوں میں بروقت رسپانس میکنزم کو بھی یقینی بنائیں۔

وزیر مملکت برائے داخلہ سینیٹر طلال چوہدری نے کہا کہ محرم الحرام کے دوران شہریوں کے جان و مال کا تحفظ حکومت کی اولین ذمہ داری ہے۔انہوں نے صوبائی حکام کو یقین دلایا کہ وفاقی حکومت ہر ممکن تعاون فراہم کرے گی ۔ وزیر مملکت نے ہدایت کی کہ آپریشنل، لاجسٹک یا سکیورٹی سے متعلق کسی بھی مدد کی ضرورت کے حوالہ سے بتایا جائے۔انہوں نے ہوم سیکرٹریز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کو حفاظتی اقدامات کو مزید موثر بنانے کی بھی ہدایت کی اور کہا کہ ملک بھر میں محرم کی پرامن تقریبات کو یقینی بنانے کے لیے چوکسی اور ہم آہنگی مرکزی حیثیت رکھتی ہے۔