پاکستان پیپلز پارٹی کی نائب صدر سینیٹر شیری رحمان کایوم عاشور پر شہدائے کربلا اور اہل بیت علیہم السلام کو خراج عقیدت
پاکستان پیپلز پارٹی کی نائب صدر سینیٹر شیری رحمان کایوم عاشور پر شہدائے کربلا اور اہل بیت علیہم السلام کو خراج عقیدت
اسلام آباد۔25جون (اے پی پی):پاکستان پیپلز پارٹی پارلیمنٹیرینز (پی پی پی پی) کی نائب صدر سینیٹر شیری رحمان نے یوم عاشور کے موقع پر حضرت امام حسین رضی اللہ عنہ، اہل بیت علیہم السلام اور ان کے عقیدت مند ساتھیوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ یوم عاشور نے امت مسلمہ کو میدان کربلا میں حضرت امام حسین رضی اللہ عنہ، اہل بیت علیہم السلام اور ان کے وفادار ساتھیوں کی عظیم قربانیوں کی یاد دلا تا ہے۔
جمعرات کو اپنے ایک بیان میں سینیٹر شیری رحمان نے کہا کہ یہ دن حق و باطل، انصاف کے حصول اور ظلم کے خلاف لازوال جدوجہد کی علامت ہے اور اصولوں کی پاسداری میں ثابت قدمی کی لازوال مثال ہے۔انہوں نے کہا کہ حضرت امام حسین رضی اللہ عنہ، اہل بیت علیہم السلام اور ان کے ساتھیوں نے حق، عدل، راستبازی اور اسلام کی سربلندی کے لیے کربلا میں بے مثال قربانیاں دیں۔انہوں نے کہا کہ شہدائے کربلا اور اہل بیت علیہم السلام کی عظیم قربانی اس بات کی گواہی دیتی ہے کہ ظلم اور بربریت کبھی حق و صداقت پر غالب نہیں آسکتی۔
سینیٹر شیری رحمان نے مزید کہا کہ واقعہ کربلا نے انسانیت کو حق کی تلاش میں حوصلے اور وقار کے ساتھ مشکلات اور آزمائشوں کا مقابلہ کرنے اور کبھی بھی باطل اور ناانصافی کے سامنے سر تسلیم خم نہ کرنے کا درس دیا۔انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ ہر فرد کو چاہیے کہ وہ سچائی، دیانت، انصاف اور اخلاقی جرأت کی اقدار کو برقرار رکھتے ہوئے حضرت امام حسین رضی اللہ عنہ، اہل بیت علیہم السلام اور تمام شہدائے کربلا کی پیروی کرے۔









