افغان طالبان رجیم کی جانب سے فتنہ الخوارج کی پشت پناہی کا عالمی اعتراف

افغان طالبان رجیم کی جانب سے فتنہ الخوارج کی پشت پناہی کا عالمی اعتراف

اسلام آباد۔25جون (اے پی پی):پاکستان کے خلاف دہشت گردی میں فتنہ الخوارج کو افغان طالبان رجیم کی سرپرستی حاصل ہے۔افغانستان میں برطانیہ کے خصوصی نمائندے رچرڈ لنڈسے نے افغان ٹی وی کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا کہ فتنہ الخوارج ایک دہشت گرد گروہ ہے اور اسے افغانستان سے حمایت مل رہی ہے،فتنہ الخوارج کے قبائلی سرحدی علاقے میں بہت سے خاندانی روابط اور حمایت بھی موجود ہے۔

رچرڈ لنڈ سے نے کہا کہ کابل اورقندھارمیں طالبان رجیم کے حکام کو فتنہ الخوارج کے خلاف فیصلہ کن اقدامات کی ضرورت ہے ، فتنہ الخوارج کی سپورٹ سے متعلق سوال افغان طالبان سے پوچھنا چاہیے۔

انہوں نے مزید کہا کہ افغانستان میں فتنہ الخوارج کیلئے تربیتی کیمپس موجود ہیں، ہتھیاراستعمال ہو رہے ہیں اورمالی مدد فراہم کی جارہی ہے، پاکستان میں سکیورٹی آپریشنزسے بچنے والے دہشتگردوں کے لیے افغانستان محفوظ پناہ گاہ بنا ہوا ہے، فتنہ الخوارج کی جانب سے خطے میں عدم استحکام کے باعث پاکستان کی طرف سے فوجی ردعمل سامنے آرہا ہے۔

دفاعی تجزیہ کار وں کے مطابق افغانستان میں دہشتگرد گروہوں کی موجودگی اوران کے نیٹ ورکس خطے کی مجموعی سکیورٹی کیلئے مسلسل خطرہ بن چکے ہیں۔ ماہرین نے کہا کہ دہشت گردوں کی مالی معاونت، تربیت اوراسلحے کی فراہمی کا نتیجہ آپریشن غضب للحق کی صورت میں سامنے آتا ہے۔