مچھ، نویں محرم الحرام کا ماتمی جلوس سخت سیکیورٹی میں اختتام پذیر

نویں محرم الحرام: مچھ میں مرکزی ماتمی جلوس امام بارگاہ مچھ سے برآمد

مچھ۔ 25 جون (اے پی پی):نویں محرم الحرام کے موقع پر مچھ میں مرکزی ماتمی جلوس محمد حسین چنگیزی کی قیادت میں امام بارگاہ مچھ سے برآمد ہوا۔

جلوس ایف سی اور پولیس کی سخت سیکیورٹی میں اپنے روایتی راستوں سے ہوتا ہوا مچھ بازار پہنچا، جہاں شیعہ علماء کرام نے واقعہ کربلا کے مختلف پہلوؤں پر روشنی ڈالی جبکہ عزاداروں نے زنجیر زنی اور نوحہ خوانی کے ذریعے حضرت امام حسینؓ اور شہدائے کربلا کو خراجِ عقیدت پیش کیا جلوس کی فضائی نگرانی بھی کی گئی جبکہ شہر بھر میں ایف سی اور پولیس کے اہلکاروں کو اہم مقامات پر تعینات کیا گیا تھا۔ سیکیورٹی کے پیش نظر جلوس کے تمام روٹس کو مکمل طور پر سیل رکھا گیا۔ جلوس کے ہمراہ ایف سی اور پولیس کے افسران، انجمن تاجران مچھ کے نمائندے اور علاقائی معززین بھی موجود تھے۔بعد ازاں جلوس محمد حسین چنگیزی اور محمد علی چنگیزی کی قیادت میں اپنے مقررہ راستوں سے ہوتا ہوا دوبارہ امام بارگاہ مچھ پہنچ کر اختتام پذیر ہوا جلوس کے اختتام کے بعد عزادار ایف سی اور پولیس کی نگرانی میں قافلے کی صورت میں کوئٹہ روانہ ہوئے تاکہ دسویں محرم الحرام کے مرکزی جلوس میں شرکت کر سکیں۔نویں محرم الحرام کے جلوس کے موقع پر بولان قومی شاہراہ کو بھی دیگر ٹریفک کے لیے عارضی طور پر بند رکھا گیا تھا تاکہ سیکیورٹی اور ٹریفک کی روانی کو یقینی بنایا جا سکے۔اس موقع پر محمد حسین چنگیزی نے فول پروف سیکیورٹی انتظامات پر ایف سی، پولیس، ضلعی انتظامیہ، انجمن تاجران مچھ اور علاقائی معززین کا شکریہ ادا کرتے ہوئے ان کے تعاون کو سراہا