حنیف عباسی: یوم عاشورہ صبر، استقامت اور حق پر ثابت قدمی کا درس دیتا ہے
یوم عاشورہ ہمیں صبر، استقامت، ایثار اور حق پر ثابت قدم رہنے کا درس دیتا ہے، محمد حنیف عباسی

مزید خبریں
اسلام آباد۔25جون (اے پی پی):وفاقی وزیر ریلوے محمد حنیف عباسی نے کہا ہے کہ یوم عاشورہ ہمیں صبر، استقامت، ایثار اور حق پر ثابت قدم رہنے کا درس دیتا ہے،حضرت امام حسین رضی اللہ تعالیٰ عنہ اور اہل بیت اطہار کی عظیم قربانی اسلام کی حقیقی اقدار کے تحفظ کی روشن مثال ہے،واقعہ کربلا حق و باطل کے درمیان ایک ابدی معرکہ ہے جو ہر دور کے انسان کو رہنمائی فراہم کرتا ہے۔
یوم عاشور کے موقع پر اپنے پیغام میں وفاقی وزیر ریلوے محمد حنیف عباسی نے کہا کہ حضرت امام حسین رضی اللہ تعالیٰ عنہ نے ظلم، جبر اور ناانصافی کے سامنے سر نہ جھکا کر امت مسلمہ کے لیے عظیم مثال قائم کی،یوم عاشور ہمیں سچائی، انصاف اور انسانی وقار کے تحفظ کے لیے ہر قربانی دینے کا پیغام دیتا ہے، قوم حضرت امام حسین رضی اللہ تعالیٰ عنہ کی سیرت سے صبر، تحمل، اخلاقی جرأت اور خدمت خلق کے اوصاف اپنائے۔محمد حنیف عباسی نے کہا کہ شہدائے کربلا کی عظیم قربانیاں حق، عدل اور اصول پسندی کی لازوال علامت ہیں،عاشورہ کے موقع پر اتحاد، رواداری، بین المسالک ہم آہنگی اور بھائی چارے کے فروغ کی ضرورت پہلے سے زیادہ ہے۔وفاقی وزیر نے کہا کہ افواہوں، اشتعال انگیزی اور نفرت انگیز رویوں سے اجتناب قومی یکجہتی کے لیے ناگزیر ہے،پوری قوم شہدائے کربلا کو خراج عقیدت پیش کرتی ہے۔محمد حنیف عباسی نے کہا کہ حضرت امام حسین رضی اللہ تعالیٰ عنہ کی قربانی رہتی دنیا تک حق و صداقت کا روشن مینار بنی رہے گی،عاشورہ کے ایام میں امن و امان، مذہبی ہم آہنگی اور قومی وحدت کے فروغ کے لیے ہر فرد اپنا کردار ادا کرے۔انہوں نے کہا کہ شہدائے کربلا کی عظیم قربانی امت مسلمہ کے لیے اتحاد، اخوت اور استقامت کا لازوال پیغام ہے، اللہ تعالیٰ ہمیں واقعہ کربلا کے حقیقی پیغام کو سمجھنے اور اس پر عمل پیرا ہونے کی توفیق عطا فرمائے۔








