کراچی میں 9 محرم کا مرکزی ماتمی جلوس سخت سکیورٹی میں اختتام پذیر
9محرم الحرام کا مرکزی جلوسِ حسینیہ ایرانیاں امام بارگاہ پراختتام پذیر

مزید خبریں
کراچی۔ 25 جون (اے پی پی):9 محرم الحرام کا مرکزی ماتمی جلوس سکیورٹی کے سخت انتظامات کے درمیان جمعرات کو نشتر پارک سے برآمد ہوا جواپنے مقررہ راستوں سے ہوتا ہوا حسینیہ ایرانیاں امام بارگاہ کھارادر پر اختتام پذیر ہوا۔
کراچی کے جنوبی زون پولیس کے ترجمان نے بتایا کہ مرکزی جلوسِ کی کمانڈ اینڈ کنٹرول روم سے مسلسل نگرانی کی گئی۔ جلوس کے آغاز سے قبل نشتر پارک میں ایک مجلس کا انعقاد کیا گیا، جس سے ممتاز عالم دین علامہ سید شہنشاہ حسین نقوی نے خطاب کیا۔ مجلس کے اختتام پر مرکزی جلوس نے اپنے مقررہ راستے پر سفر کا آغاز کیا۔ جلوسِ کے شرکاء نے ایم اے جناح روڈ پر نمائش چورنگی کے قریب امام بارگاہ علی رضا پر نماز ظہرین ادا کی۔9 محرم کے مرکزی جلوس کے لیے سندھ پولیس اور سندھ رینجرز کی جانب سے غیر معمولی اور فول پروف سکیورٹی انتظامات کیے گئے تھے۔ اس موقع پر بم ڈسپوزل اسکواڈ کے اہلکاروں کو بھی تعینات کیا گیا۔جلوس اور حساس مقامات کی سکیورٹی کے لیے ساڑھے 6 ہزار سے زائد پولیس افسران و اہلکار تعینات کیے گئے تھے جبکہ داخلی و خارجی راستوں پر سخت چیکنگ کو یقینی بنایا گیا تھا۔ایڈیشنل آئی جی کراچی آزاد خان اور ڈی آئی جی سائوتھ نے بھی جلوس کے راستوں اور سکیورٹی انتظامات کا جائزہ لیا۔ مرکزی جلوس کی نگرانی سولجر بازار اور پریڈی تھانوں میں قائم کنٹرول رومز سے کی گئی جبکہ 9 محرم کے مرکزی جلوس کے راستے پر سکیورٹی کیمرے بھی نصب کیے گئے تھے۔ جلوس کے راستے اور آس پاس کی سڑکوں کو کنٹینرز کی مدد سے سیل کر دیا گیا جبکہ بلند و بالا عمارتوں پر خصوصی نگرانی کے انتظامات کیے گئے۔ 9 محرم الحرام کے مرکزی جلوس کے باعث ایم اے جناح روڈ کو ٹریفک کے لیے بند کر دیا گیا اور ٹریفک کے بہا ئوکو یقینی بنانے کے لیے کراچی ٹریفک پولیس کی جانب سے متبادل راستوں کی طرف موڑ دیا گیا۔ عزاداروں کی سہولت کے لیے جلوس کے راستے پر سبیلوں اور ریسکیو اداروں کے اسٹالز بھی قائم کیے گئے تھے۔








