گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی سے پاکستان پیپلز پارٹی کے مرکزی رہنما سید نوید قمر کی ملاقات

فیصل کریم کنڈی اور نوید قمر کی ملاقات، سیاسی امور پر تبادلہ خیال

پشاور۔ 25 جون (اے پی پی):گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی سے پاکستان پیپلز پارٹی کے مرکزی رہنما سید نوید قمر نے ملاقات کی۔ گورنر خیبر پختونخوا کے پبلک ریلیشنز آفیسر کی جانب سے جاری بیان کے مطابق ہلال احمر خیبرپختونخوا کے چیئرمین فرزند علی وزیر، ڈویژنل صدر مصباح الدین، سینئر رہنماء خواجہ یاور نصیر اور پی پی پی ڈیرہ اسماعیل خان کے ضلعی صدر ملک فرحان افضل دھپ بھی اس موقع پر موجود تھے۔

گورنر ہاؤس پشاور میں ہونے والی ملاقات میں ملک کی سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ دونوں رہنماؤں نے خیبر پختونخوا میں امن و امان کی صورتحال، صوبائی حکومت کی ابتر پالیسیوں اور ان حالات میں صوبہ کی سیاسی جماعتوں کے کردار پر گفتگو کی۔پیپلز پارٹی کے مرکزی رہنماء سید نوید قمر نے وفاقی سطح پر خیبر پختونخوا کے مسائل اجاگر کرنے کے حوالہ سے گورنر کو ان کے کردار پر خراج تحسین پیش کیا۔انہوں نے صوبائی اسمبلی میں پیپلز پارٹی کے پارلیمانی لیڈر احمد کنڈی کی قیادت میں صوبہ کے مقدمہ کے حوالہ سے ان کے کردار کو سراہا۔ ملاقات میں باہمی دلچسپی کے دیگر موضوعات پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔

مزید خبریں