حج 2027 کیلئے لازمی آن لائن رجسٹریشن کا عمل بلا تعطل جاری
حج 2027 کے لیے لازمی آن لائن رجسٹریشن کا عمل بغیر کسی رکاوٹ کے جاری ہے، وزارت مذہبی امور

مزید خبریں
اسلام آباد۔25جون (اے پی پی):وزارت مذہبی امور نے کہا ہے کہ حج 2027 کے لیے لازمی آن لائن رجسٹریشن کا عمل بغیر کسی رکاوٹ کے جاری ہے ،جس سے ارادہ رکھنے والے زائرین اپنے گھروں سے رجسٹریشن مکمل کر سکتے ہیں۔
ترجمان کے مطابق نیشنل انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ کی طرف سے تیار کردہ حج مینجمنٹ سسٹم کے ذریعے تیار کردہ تازہ ترین اعداد و شمار سے ظاہر ہوتا ہے کہ ملک بھر کے ارادہ مند زائرین کی طرف سے بھرپور رسپانس ملا ہے۔رجسٹریشن مہم کے پہلے تین دنوں میں 80,000 سے زائد درخواست دہندگان نے رجسٹریشن کرا لی ہے،ان میں کراچی سے زائرین کی تعداد سب سے زیادہ ہے، اس کے بعد لاہور اور اسلام آباد کو سٹیشن کے طور پر منتخب ہونے والے درخواست دہندگان ہیں۔رجسٹرڈ زائرین میں تقریباً 47,000 مرد اور 33,000 خواتین شامل ہیں۔ حکام نے اس بات کو حوصلہ افزاء قرار دیا ہے کہ رجسٹرڈ درخواست دہندگان کی اکثریت 25 سے 50 سال کی عمر کے درمیان ہے۔رجسٹرڈ درخواست دہندگان کے تعلیمی اعداد و شمار کے مطابق تقریباً 1,000 افراد کے پاس پی ایچ ڈی کی ڈگری ہے، 17,000 کے پاس ماسٹرز کی ڈگری، 21,000 کے پاس بیچلرز کی کوالیفیکیشن اور 12,000 نے انٹرمیڈیٹ (ایف اے) تعلیم مکمل کی ہے۔وزارت نے بتایا کہ نیشنل انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ کی معاونت سے حج آپریشن کو مکمل طور پر بغیر کاغذ کے اور اینڈ ٹو اینڈ ڈیجیٹل سسٹم میں تبدیل کیا جا رہا ہے جس کا مقصد کارکردگی اور شفافیت میں بہتری لانا ہے۔حج 2027 کے لیے لازمی رجسٹریشن مہم عوامی چھٹیوں کے دوران بھی جاری رہے گی۔ حج کے اخراجات اور دیگر آپریشنل انتظامات سے متعلق تفصیلات عمل کے دوسرے مرحلے کے دوران کا اعلان کیا جائے گا۔








