سرفراز بگٹی: واقعۂ کربلا حق، عدل اور استقامت کا لازوال پیغام ہے
یومِ عاشور اتحاد، اخوت، برداشت اور باہمی احترام کے فروغ کا دن ہے، وزیر اعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی

مزید خبریں
کوئٹہ۔ 25 جون (اے پی پی):وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے یومِ عاشور کے موقع پر حضرت امام حسینؓ اور اُن کے جانثار رفقاء کی عظیم قربانیوں کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ واقعۂ کربلا حق، صداقت، عدل، صبر اور استقامت کا وہ لازوال پیغام ہے جو رہتی دنیا تک انسانیت کی رہنمائی کرتا رہے گا ۔
جمعرات کو اپنے پیغام میں وزیر اعلیٰ بلوچستان نے کہا کہ حضرت امام حسینؓ نے دینِ اسلام کی سربلندی، حق کی بالادستی اور ظلم و جبر کے خلاف جس بے مثال جرات اور استقامت کا مظاہرہ کیا، وہ پوری امتِ مسلمہ کے لیے مشعلِ راہ ہے۔ کربلا کا واقعہ ہمیں یہ درس دیتا ہے کہ باطل قوتوں کے سامنے سر جھکانے کے بجائے حق اور انصاف کے لیے ہر قربانی دینے کا حوصلہ پیدا کیا جائے میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ یومِ عاشور اتحاد، اخوت، برداشت اور باہمی احترام کے فروغ کا دن ہے۔ آج کے دن ہمیں اس عزم کی تجدید کرنی چاہیے کہ ہم اپنے معاشرے میں امن، رواداری، بھائی چارے اور قانون کی حکمرانی کے فروغ کے لیے اپنا کردار ادا کریں گے ۔وزیر اعلیٰ بلوچستان نے کہا کہ صوبائی حکومت نے عشرۂ محرم بالخصوص یومِ عاشور کے دوران امن و امان کے قیام اور عزاداروں کو ہر ممکن سہولیات کی فراہمی کے لیے جامع انتظامات کیے ہیں۔ قانون نافذ کرنے والے ادارے، ضلعی انتظامیہ اور متعلقہ محکمے عوام کی جان و مال کے تحفظ اور مجالس و جلوسوں کے پرامن انعقاد کے لیے بھرپور ذمہ داریاں سرانجام دے رہے ہیں ۔انہوں نے علماء کرام، ذاکرین، منتظمینِ مجالس و جلوس اور عوام الناس کے تعاون کو سراہتے ہوئے کہا کہ باہمی ہم آہنگی اور قومی یکجہتی کے ذریعے ہی ہم امن اور استحکام کو مزید مضبوط بنا سکتے ہیں ۔








