ڈپٹی کمشنر سیالکوٹ کا کنٹرول روم کا دورہ، 9 محرم جلوسوں اور مجالس کی مانیٹرنگ کا جائزہ
ڈپٹی کمشنر سیالکوٹ کا کنٹرول روم کا دورہ، 9 محرم جلوسوں و مجالس کی مانیٹرنگ کا معائنہ کیا

مزید خبریں
سیالکوٹ۔ 25 جون (اے پی پی):ڈپٹی کمشنر سیالکوٹ صبا اصغر علی نے ڈسٹرکٹ ایمرجنسی کنٹرول روم کا دورہ کیا جہاں انہوں نے نویں محرم الحرام کے جلوسوں، مجالس اور سیکیورٹی انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا۔ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (جنرل) نعیم بشیر نے تمام جلوسوں اور مجالس کی مانیٹرنگ اور انتظامات کے متعلق بریفنگ دی۔ ڈپٹی کمشنر نے کنٹرول میں موجود مختلف محکموں کے نمائندوں سے انتظامات کے متعلق پوچھا۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے، ڈپٹی کمشنر صبا اصغر علی نے کہا کہ ضلع سیالکوٹ میں نویں محرم الحرام کے موقع پر مجموعی طور پر 67 ماتمی جلوس اپنے رایتی روٹس پر اور مقررہ اوقات پر نکلے۔ انہوں نے کہا کہ سات اے کیٹیگری، 26 بی کیٹیگری اور 34 سی کیٹیگری کے جلوس شامل ہیں، جبکہ 119 مجالس منعقد ہوئیں جن میں 6 اے کیٹیگری، 15 بی کیٹیگری اور 98 سی کیٹیگری کی مجالس شامل ہیں۔ڈپٹی کمشنر صبا اصغر علی نے کہا کہ عزاداروں کی حفاظت کیلئے تین سطحی سیکیورٹی انتظامات کئے گئے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ تمام جلوسوں اور مجالس کی مسلسل نگرانی جدید سی سی ٹی وی کیمروں کے ذریعے کی جا رہی ہے اور متعلقہ ادارے مکمل الرٹ رہتے ہوئے فیلڈ میں موجود ہیں۔انہوں نے کہا کہ شدید گرمی کے پیش نظر حکومت پنجاب کی ہدایات کے مطابق جلوسوں کے روٹس پر سبیلوں اور ہیٹ سٹروک کیمپس قائم کیے گئے ہیں تاکہ عزاداروں کو سہولیات فراہم کی جا سکیں۔ انہوں نے کہا کہ فوری طبی امداد کی فراہمی کیلئے ضلع بھر میں 12 کلینکس آن ویلز فعال کئے گئے ہیں جن پر ڈاکٹرز اور طبی عملہ موجود رہے گا۔ ان میں 4 کلینکس تحصیل سیالکوٹ، 3 ڈسکہ، 3 پسرور اور 2 سمبڑیال میں خدمات سرانجام دیں گے۔ڈپٹی کمشنر نے بتایا کہ محرم الحرام کنٹرول روم دفتر ڈپٹی کمشنر سیالکوٹ میں یکم محرم الحرام سے 24 گھنٹے فعال ہے۔ شہری کسی بھی ہنگامی صورتحال، شکایت یا معلومات کے حصول کیلئے 1718 اور 052-9250011 پر رابطہ کر سکتے ہیں۔








