وزیراعظم کی منشیات کے خلاف قومی جدوجہد میں تمام طبقات سے کردار ادا کرنے کی اپیل
پاکستان منشیات، ان کی غیر قانونی ترسیل اور نوجوانوں تک رسائی کے خطرات سے نمٹنے کے لیے پرعزم ہے، وزیراعظم شہباز شریف

مزید خبریں
اسلام آباد۔25جون (اے پی پی):وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے والدین، اساتذہ، تعلیم گاہوں، سماجی رہنمائوں، ذرائع ابلاغ اور نوجوانوں سمیت تمام طبقات سے منشیات کے خلاف جنگ میں کلیدی کردار ادا کرنے کی اپیل کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان منشیات کی اقسام، اس کی غیر قانونی ترسیل اور نوجوان نسل کو اس کی دستیابی سمیت تمام منسلک خطرات کا مقابلہ کرنے کے لیے پرعزم اور ثابت قدم ہے۔
انہوں نے ان خیالات کا اظہار منشیات کے استعمال اور سمگلنگ کے خلاف عالمی دن جو آج جمعہ کو منایا جا رہا ہے ، کے موقع پر اپنے پیغام میں کیا۔ وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ کی طرف سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم نے کہا کہ آج پاکستان اقوام عالم کے ساتھ ہم آواز ہو کر منشیات کے استعمال اور غیر قانونی سمگلنگ کے خلاف عالمی دن پر مشترکہ عزم کا اعادہ کرتا ہے کہ ان معاشرتی نقائص کے سد باب کے لیے ہرممکن اقدامات کیے جائیں گے۔ یہ دن منشیات کے استعمال اور غیر قانونی سمگلنگ کے کثیر الجہتی انسانی، معاشی و معاشرتی نقصانات اور اس کے تباہ کن اثرات کو اجاگر کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس سال کا موضوع ’’دیرینہ مسائل، نئے چیلنجز اور منشیات سے پاک مستقبل کے لیے اختراعی اقدامات‘‘ ہے۔ یہ عنوان عالمی سطح پر منشیات کے مسئلے کی سنگین نوعیت کی طرف توجہ مبذول کراتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان منشیات کی اقسام، اس کی غیر قانونی ترسیل اور نوجوان نسل کو اس کی دستیابی سمیت اس سے منسلک تمام خطرات کا مقابلہ کرنے کے لیے پرعزم اور ثابت قدم ہے۔حکومت سمگلنگ کے خاتمے کے لیے قومی استعداد میں اضافے، ادارہ جاتی ہم آہنگی اور بین الاقوامی شراکت داروں کے ساتھ تعاون کو وسعت دینے کے لیے مسلسل کوشاں ہے۔ تمام غیر قانونی نیٹ ورکس کے مکمل خاتمہ سے ہی معاشرے کو محفوظ بنایا جا سکتا ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ نوجوان نسل کو اس عیب سے محفوظ رکھنے کے لیے موثر اقدامات ہماری قومی ترجیح ہے۔ منشیات سے پاک تعلیمی اداروں کو یقینی بنانا اہم ترین قدم ہے۔ انہوں نے کہا کہ انسداد منشیات فورس منشیات سمگلنگ کی روک تھام، اس کی طلب میں کمی،اس عیب کے خلاف آگاہی اور متاثرین کے علاج و بحالی کے تناظر میں موثر اقدامات اٹھا رہی ہے۔ انسداد منشیات کے لئے قانون کا موثر نفاذ، روک تھام اور بحالی کے پہلوئوں پر بیک وقت توجہ حکومت کی متوازن اور جامع حکمت عملی کی عکاسی کرتا ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ اس موقع پر وہ انسدادِ منشیات فورس کے ان بہادر شہداء کو خصوصی خراج عقیدت پیش کرتے ہیں جنہوں نے وطن کی حفاظت کے لیے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔ ان کی جرات، قربانی اور فرض شناسی ہمارے لیے باعث فخر ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت پاکستان منشیات کے خلاف کثیرالجہتی اقدامات میں تمام متعلقہ اداروں کی استعداد کار میں اضافہ کر رہی ہے۔ صوبائی حکومتوں کے ساتھ مل کر تعلیمی اداروں میں آگاہی اور بچائو کے پروگرامز کو وسعت دی جا رہی ہے، علاج اور بحالی کی سہولیات کو بہتر بنایا جا رہا ہے۔ غیر قانونی سمگلنگ نیٹ ورکس کا مقابلہ کرنے کے لیے پاکستان بین الاقوامی شراکت داری کو انٹیلی جنس کے تبادلے، مشترکہ کارروائیوں اور موثر علاقائی تعاون کے ذریعے مزید مضبوط بنا رہا ہے۔ انہوں نے والدین، اساتذہ، تعلیمی اداروں، سماجی رہنمائوں، ذرائع ابلاغ اور نوجوانون سمیت سب کو منشیات کے خلاف جنگ میں کلیدی کردار ادا کرنے کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ ایسی سماجی برائیوں کے خلاف آگاہی، روک تھام کے لیے اقدامات اور صحت مند معاشرے کی تشکیل ہماری مشترکہ قومی ذمہ داری ہے۔







