وزیراعظم شہباز شریف: واقعۂ کربلا عدل، رواداری اور اصلاحِ امت کا عظیم درس ہے
واقعہ کربلا اصلاح امت، احیائے سنت نبوی ﷺ اور امر بالمعروف و نہی عن المنکر کے عظیم مقصد کے لیے قربانی کا نام ہے، وزیراعظم شہباز شریف کا یوم عاشورپر پیغام

مزید خبریں
اسلام آباد۔25جون (اے پی پی):وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ واقعہ کربلا اصلاح امت، احیائے سنت نبوی ﷺ اور امر بالمعروف و نہی عن المنکر کے عظیم مقصد کے لیے قربانی کا نام ہے، یہ مقصد ہم سے تقاضا کرتا ہے کہ اپنی انفرادی اور اجتماعی زندگیوں میں عدل و انصاف، صبر و برداشت اور ذمہ داری کے اوصاف کو فروغ دیں،اختلافات ، نفرت اور انتشار کے بجائے باہمی احترام، رواداری اور یکجہتی جیسی اقدار کی مضبوطی ہمارا پیش نظر ہونا چاہئے۔
جمعرات کو وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ سے یوم عاشور 10 محرم الحرام 1448ھ پر جاری پیغام میں وزیراعظم نے کہا کہ یوم عاشور بلا شبہ اسلامی تاریخ کا ایک فکر انگیز دن ہے جو نوع انسانی کو ایمان، صبر و استقامت، ایثار، حق پسندی اور اصلاح معاشرہ کے بے مثال اسباق سے روشناس کراتا ہے۔انہوں نے کہا کہ یہ دن اللہ تعالیٰ کی نصرت، اہل ایمان کی کامیابی اور حق کی سربلندی کے لیے قربانیوں کے عظیم واقعات کی یاد دہانی ہے۔ نواسہ رسول ﷺ حضرت امام حسین رضی اللہ تعالیٰ عنہ اور ان کے جانثار رفقاء کی عظیم قربانی نے یوم عاشور کو تاریخ اسلام میں منفرد اور دائمی اہمیت کا حامل بنا دیا،واقعہ کربلا ہمیں یہ پیغام دیتا ہے کہ اصولوں اور اقدار کی پاسداری ایک باوقار اور مہذب معاشرے کی بنیاد ہے۔ حضرت امام حسین رضی اللہ تعالیٰ عنہ نے اپنے طرز عمل سے ثابت کیا کہ حق و صداقت، عدل و انصاف اور انسانی عظمت کے تحفظ کے لیے قربانی دینا درحقیقت ظلم و جبر، ناانصافی اور باطل کے سامنے سر تسلیم خم کرنے سے افضل ہے۔انہوں نے کہا کہ واقعہ کربلا اصلاح امت، احیائے سنت نبوی ﷺ اور امر بالمعروف و نہی عن المنکر کے عظیم مقصد کے لیے کاوش کا نام ہے۔ یہ مقصد ہم سے تقاضا کرتا ہے کہ ہم اپنی انفرادی اور اجتماعی زندگیوں میں عدل و انصاف، صبر و برداشت اور ذمہ داری کے اوصاف کو فروغ دیں۔ اختلافات ، نفرت اور انتشار کے بجائے باہمی احترام، رواداری اور یکجہتی جیسی اقدار کی مضبوطی ہمارا پیش نظر ہونا چاہیئے۔وزیراعظم نے کہا کہ پوری قوم بالخصوص علماء کرام، مشائخ عظام، ذاکرین، میڈیا اور نوجوان نسل سے اپیل ہے کہ وہ یوم عاشور کے حقیقی پیغام کو اجاگر کریں، بین المسالک احترام و ہم آہنگی کو فروغ دیں، اشتعال انگیزی اور نفرت کا سد باب کریں۔انہوں نے کہا کہ آئیے آج یہ عہد کریں کہ حضرت امام حسین رضی اللہ تعالیٰ عنہ اور شہدائے کربلا کی عظیم قربانی کی رہنمائی میں حق و انصاف کے ساتھ اپنی وابستگی مضبوط کریں گے۔ معاشرے کے کمزور اور محروم طبقات کے حقوق کے تحفظ کو یقینی بنائیں گے اور اپنے کردار و عمل سے ایک مضبوط، متحد اور پرامن قوم کی تعمیر میں اپنا بھرپور کردار ادا کریں گے،اللہ تعالیٰ دنیا بھر میں امن و استحکام اور پوری امت مسلمہ کو اتحاد، اتفاق اور خیر و برکت سے نوازے۔







