بھارت مقبوضہ کشمیر میں ظلم و تشدد کو ایک منظم ہتھیار کے طور پر استعمال کررہاہے ،سول سوسائٹی
بھارت مقبوضہ کشمیر میں ظلم و تشدد کو ایک منظم ہتھیار کے طور پر استعمال کررہاہے ،سول سوسائٹی

مزید خبریں
سرینگر۔26جون (اے پی پی):تشدد کے متاثرین کے ساتھ یکجہتی کے عالمی دن کے موقع پر، سول سوسائٹی کے کارکنوں نے کہا ہے کہ بھارت غیر قانونی طور پر زیر تسلط جموں و کشمیر میں ظلم و تشدد کا ایک منظم ہتھیار کے طور پر استعمال جاری رکھے ہوئے ہے ۔کشمیر میڈیا سروس کے مطابق سول سوسائٹی کے کارکنوں نے کہا کہ مقبوضہ علاقے میں کئی دہائیوں سے جاری بھارتی تسلط کے دوران ہزاروں کشمیریوں کو جسمانی، ذہنی اور نفسیاتی تشدد کا نشانہ بنایا گیا۔
ان کا کہنا تھا کہ تشدد خوف اور ہراساں کرنے کا ایک ہتھیار بن گیا ہے جس کا مقصد اختلاف رائے کو دبانا اور کشمیری عوام کے اقوام متحدہ کے تسلیم شدہ حق خودارادیت کے مطالبے کو خاموش کرنا ہے۔کارکنوں نے کہاکہ مقبوضہ علاقے میں بھارتی فورسز کے زیرانتظام متعدد تفتیشی اور حراستی مراکز ظلم وجبر کی علامت بن چکے ہیں جہاں کئی کشمیری مبینہ طور پر قتل ، مستقل معذوری اور عمر بھر کے صدمے کا شکار ہو چکے ہیں۔
سول سوسائٹی کے کارکنوں نے اقوام متحدہ اور انسانی حقوق کی بین الاقوامی تنظیموں پرزوردیا کہ وہ مقبوضہ کشمیر میں تشدد کے بڑے پیمانے پراستعمال کا فوری نوٹس لیں اور اس میں ملوث قابض اہلکاروں کے خلاف کارروائی کو یقینی بنائیں۔انہوں نے زوردیاکہ خطے میں پائیدار امن کشمیری عوام کی امنگوں اور اقوام متحدہ کی متعلقہ قراردادوں کے مطابق تنازعہ کشمیر کے منصفانہ حل کے ذریعے ہی قائم ہو سکتا ہے۔








