یومِ عاشور،ریسکیو 1122 ملتان ہائی الرٹ، ضلع بھر میں 600 اہلکار اور ایمرجنسی وسائل تعینات

یومِ عاشور،ریسکیو 1122 ملتان ہائی الرٹ، ضلع بھر میں 600 اہلکار اور ایمرجنسی وسائل تعینات

ملتان۔ 26 جون (اے پی پی):یومِ عاشور کے موقع پر ریسکیو 1122 ملتان مکمل ہائی الرٹ ہے۔ 10 محرم کے لیے جاری ایمرجنسی کور پلان کے تحت ضلع بھر میں 600 ریسکیو اہلکار، 30 ایمبولینسز، 93 موٹر بائیک ایمبولینسز، 15 فائر ٹینڈرز، 2 اسپیشل ریسکیو وہیکلز اور تربیت یافتہ رضاکار تعینات کیے گئے ہیں۔

ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر ڈاکٹر حسین میاں کے مطابق تمام جلوسوں، مجالس، زنجیر زنی کے مقامات، اہم امام بارگاہوں اور مرکزی جلوس کے روٹس پر خصوصی ریسکیو پوسٹس قائم کر دی گئی ہیں اس کے علاوہ موبائل ریسکیو ٹیمیں بھی تعینات ہیں۔ریسکیورز جلوسوں کے ساتھ موجود رہ کر عزاداروں کو بروقت ابتدائی طبی امداد فراہم کر رہے ہیں تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال میں فوری اور مؤثر رسپانس یقینی بنایا جا سکے۔

انہوں نے بتایا کہ ریسکیو 1122 کا کنٹرول روم 24 گھنٹے فعال ہے، تمام ریسکیو اسٹیشنوں کا عملہ اور ایمرجنسی وہیکلز الرٹ ہیں انہوں نے کہا کہ ایمرجنسی رسپانس میں کسی بھی قسم کی تاخیر یا غفلت ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی۔