گوجرانوالہ،یومِ عاشورکے موقع پر ریجن بھر میں فول پروف سکیورٹی پلان نافذ

گوجرانوالہ،یومِ عاشورکے موقع پر ریجن بھر میں فول پروف سکیورٹی پلان نافذ

گوجرانوالہ۔ 26 جون (اے پی پی):یومِ عاشور پر ریجن بھر میں فول پروف سیکیورٹی پلان نافذ کر دیا گیا ہے،16ہزار سے زائد پولیس افسران و اہلکار امن و امان کے قیام کے لیے فرائض سرانجام دیں گے۔ریجن بھر میں 362 ماتمی جلوس برآمد ہوں گے، جن میں کیٹیگری A کے 47، کیٹیگری B کے 61 اور کیٹیگری C کے 254 جلوس شامل ہیں، تمام جلوسوں کو فول پروف سیکیورٹی فراہم کی جائے گی۔ریجن بھر میں 301 مجالسِ عزاء منعقد ہوں گی، جن میں کیٹیگری A کی 21، کیٹیگری B کی 30 اور کیٹیگری C کی 250 مجالس شامل ہیں، تمام مجالس کے لیے جامع اور مؤثر سیکیورٹی انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں۔

حساس مقامات، بلند عمارتوں اور جلوسوں کے روٹس پر ماہر سنائپرز تعینات، جبکہ ہر مشکوک سرگرمی پر کڑی نظر رکھنے کے لیے خصوصی سیکیورٹی انتظامات کیے گئے ہیں۔جلوسوں اور مجالس کی سی سی ٹی وی کیمروں اور ڈرون سرویلنس کے ذریعے مسلسل مانیٹرنگ کی جائے گی۔داخلی راستوں پر واک تھرو گیٹس، میٹل ڈیٹیکٹرز اور جامع سرچ اینڈ چیکنگ کے ذریعے سیکیورٹی کو یقینی بنایا جائے گا۔جلوسوں کے روٹس کی مؤثر نگرانی کے لیے جدید سرولنس کیمرے فعال رہیں گے۔جلوسوں کے راستوں سے ملحقہ گلیوں اور بازاروں کو خار دار تار لگا کر محفوظ بنایا گیا۔

سی پی او ڈاکٹر سردار غیاث گل خان نے کہا ہے کہ امن و امان برقرار رکھنے کے لیے ایلیٹ فورس، رینجرز اور پولیس کے مسلح دستے شہر بھر اور جلوسوں کے روٹس پر مسلسل گشت کریں گے۔اس موقع پر آرپی او خرم شہزاد حیدر وڑائچ کا کہنا تھا کہ نفرت انگیزی، شرانگیزی اور اشتعال انگیز تقاریر ہرگز برداشت نہیں کی جائیں گی۔ یومِ عاشور پر سیکیورٹی ہائی الرٹ رہے گی، شہریوں کے جان و مال کا تحفظ پولیس کی اولین ترجیح ہے۔