پاکستان سمیت دنیا بھر میں تشدد کے متاثرین کی حمایت کا عالمی دن منایا گیا
پاکستان سمیت دنیا بھر میں تشدد کے متاثرین کی حمایت کا عالمی دن منایا گیا

مزید خبریں
اسلام آباد۔26جون (اے پی پی):پاکستان سمیت دنیا بھر میں تشدد کےخلاف، متاثرین کی حمایت کا عالمی دن جمعہ 26 جون کو منایا گیا ۔ اس دن کے منانے کا مقصد تشدد سے متاثرہ افراد کی بحالی، انصاف کی فراہمی اور انسانوں پر تشدد کے خاتمے کے لئے عوامی شعور کو اجاگر کرنا ہے۔
تشدد تمام ہی انسانی معاشروں میں کسی نہ کسی صورت اور کسی نہ کسی سطح پر موجود ہے۔تشدد کے متاثرین کی حمایت کے عالمی دن کے موقع پر دنیا بھر میں متاثرین اورایسے واقعات میں بچ جانے والوں کو خراج تحسین پیش کیا جاتا ہے ۔ تشدد اور دیگر ظالمانہ، غیرانسانی یا رسوا کن سلوک یا سزا کے خلاف اقوام متحدہ کے زیراہتمام معاہدہ عمل میں آنے کے بعد اب تک امریکہ سمیت دنیا کے 166 ممالک اس معاہدہ کی توثیق کر چکے ہیں۔
تشدد کے متاثرین کی حمایت کے عالمی دن پر سرکاری، غیر سرکاری، فلاحی اور رفاعی اداروں کے زیر اہتمام منعقدہ تقریبات میں تشدد کو روکنے، تشدد کے متاثرین کی تلافی اور ان کی بحالی نیز تشدد میں ملوث عناصر کو انصاف کے کٹہرے میں لانے کے لیے عملی اقدامات کے حوالہ سے آگاہی فراہم کی گئی۔








