کل جماعتی حریت کانفرنس آزاد جموں و کشمیر شاخ کے رہنماؤں کا تشدد کے شکار افراد کی حمایت کے عالمی دن پر بیان
کل جماعتی حریت کانفرنس آزاد جموں و کشمیر شاخ کے رہنماؤں کا تشدد کے شکار افراد کی حمایت کے عالمی دن پر بیان

مزید خبریں
اسلام آباد۔26جون (اے پی پی):کل جماعتی حریت کانفرنس آزاد جموں و کشمیر شاخ کے کنوینر غلام محمد صفی، جنرل سیکرٹری ایڈووکیٹ پرویز احمد اور سیکرٹری اطلاعات امتیاز وانی نے اسلام آباد سے جاری ایک مشترکہ بیان میں کہا ہے کہ آج جب دنیا بھر میں تشدد کے شکار افراد کی حمایت کا عالمی دن منایا جا رہا ہے، بھارت مقبوضہ جموں و کشمیر میں ریاستی پالیسی کے طور پر تشدد کا استعمال بدستور جاری رکھے ہوئے ہے۔انہوں نے کہا کہ بھارت کشمیری عوام کے خلاف تشدد کو ایک جنگی ہتھیار کے طور پر استعمال کر رہا ہے اور مقبوضہ جموں و کشمیر میں منظم اور ادارہ جاتی انداز میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیاں کی جا رہی ہیں۔ بھارتی فورسز علاقے میں خوف و ہراس پھیلانے اور اپنے غیر قانونی قبضے کو برقرار رکھنے کے لیے مختلف نوعیت کے تشدد کا سہارا لے رہی ہیں۔
حریت رہنماؤں نے کہا کہ بھارت کشمیری عوام کی حقِ خودارادیت کی جائز تحریک کو دبانے کے لیے منظم طریقے سے تشدد کا استعمال کر رہا ہے، تاہم وہ اپنے مذموم عزائم میں کبھی کامیاب نہیں ہو سکے گا۔ انہوں نے کہا کہ 5 اگست 2019 کے غیر قانونی اقدامات کے بعد، جب مودی حکومت نے مقبوضہ جموں و کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کر کے علاقے کا فوجی محاصرہ کیا، تب سے کشمیری عوام پر ظلم و تشدد میں مزید شدت آ گئی ہے۔انہوں نے کہا کہ تشدد کے شکار افراد کی حمایت کا عالمی دن کشمیری عوام کے لیے اس وقت تک بے معنی ہے جب تک انہیں بھارتی فورسز کے ہاتھوں جاری ریاستی تشدد سے نجات حاصل نہیں ہوتی۔ انہوں نے کہا کہ مقبوضہ جموں و کشمیر میں متعدد بدنامِ زمانہ ٹارچر سینٹر قائم کیے گئے ہیں جہاں کشمیریوں کو وحشیانہ تشدد کا نشانہ بنایا جاتا ہے، اور ہزاروں افراد اپنی جانوں سے ہاتھ دھو بیٹھے ہیں۔بیان میں کہا گیا کہ بھارتی فورسز بجلی کے جھٹکے، شدید مارپیٹ، جنسی ہراسانی اور دیگر غیر انسانی طریقوں سمیت مختلف ذرائع سے تشدد کرتی ہیں، جو بین الاقوامی انسانی حقوق کے قوانین اور عالمی انسانی اقدار کی کھلی خلاف ورزی ہے۔
انہوں نے کہا کہ مقبوضہ جموں و کشمیر میں ریاستی سطح پر تشدد کے استعمال کی تصدیق متعدد بین الاقوامی رپورٹس میں بھی کی جا چکی ہے۔حریت رہنماؤں نے کہا کہ کشمیری عوام کے خلاف وحشیانہ تشدد نے بھارت کا اصل چہرہ دنیا کے سامنے بے نقاب کر دیا ہے۔ انہوں نے اقوام متحدہ، انسانی حقوق کونسل اور دیگر بین الاقوامی انسانی حقوق کی تنظیموں سے مطالبہ کیا کہ وہ مقبوضہ جموں و کشمیر میں بھارتی فورسز کی جانب سے ڈھائے جانے والے مظالم، تشدد اور انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کا فوری نوٹس لیں، ذمہ داروں کا محاسبہ کریں اور کشمیری عوام کے بنیادی انسانی حقوق کے تحفظ کے لیے مؤثر اقدامات کریں۔








