عالم اسلام میں ابھرتے اتحاد کا سہرا پاکستان کے کردار کو جاتا ہے، وزیر دفاع خواجہ محمد آصف

عالم اسلام میں ابھرتے اتحاد کا سہرا پاکستان کے کردار کو جاتا ہے، وزیر دفاع خواجہ محمد آصف

سیالکوٹ۔ 26 جون (اے پی پی):وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے کہا ہے کہ ایران امریکا جنگ میں پاکستان نے جو کردار ادا کیا وہ تاریخ میں ہمیشہ یاد رکھا جائے گا، عالم اسلام میں ابھرتے ہوئے اتحاد کا سہرا پاکستان کو جاتا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اڈا پسروریاں میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ وزیر دفاع خواجہ محمد آصف عاشورۂ محرم کے مرکزی ماتمی جلوس میں شرکت کی اور جلوس کی قیادت کی۔ انہوں نے بیری والا چوک میں واقع مستری عبداللہ امام بارگاہ میں مجلس عزا میں بھی شرکت کی۔صوبائی وزیر محنت و افرادی قوت محمد منشاء اللہ بٹ بھی ان کے ہمراہ موجود تھے۔

ڈپٹی کمشنر سیالکوٹ صبا اصغر علی اور ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر دوست محمد نے وفاقی اور صوبائی وزراء کو ضلع بھر میں محرم الحرام کے دوران کئے گئے سکیورٹی، ٹریفک، صفائی اور دیگر انتظامات پر تفصیلی بریفنگ دی۔بعد ازاں وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے اڈا پسروریاں میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اس سال محرم الحرام ایسے وقت میں آیا ہے جب خطہ حالیہ جنگ کے اثرات سے گزر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایرانی قوم کی استقامت کو سلام پیش کرتے ہیں، جنہوں نے سنتِ حسینی اور شہدائے کربلا کی ثابت قدمی کی یاد تازہ کر دی۔خواجہ محمد آصف نے کہا کہ حالیہ جنگ میں پاکستان نے جو کردار ادا کیا وہ تاریخ میں ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ عاشورۂ محرم کے موقع پر عالم اسلام کا جو اتحاد دیکھنے میں آ رہا ہے، اس کی مثال گزشتہ صدیوں میں کم ہی ملتی ہے اور اس کا سہرا پاکستان کے عزم و استقلال اور ایرانی عوام کی ثابت قدمی کو جاتا ہے۔ وزیر دفاع نے کہا کہ فلسطینیوں، ایرانیوں اور لبنانیوں کی قربانیاں رنگ لا رہی ہیں اور انہیں یقین ہے کہ وہ وقت دور نہیں جب فلسطین ایک آزاد ریاست بنے گا اور لبنان کے عوام بھی اسرائیلی ظلم و ستم سے نجات حاصل کریں گے۔انہوں نے کہا کہ یوم عاشور ہمیں حضرت امام حسینؑ اور شہدائے کربلا کی عظیم اور ابدی قربانیوں کی یاد دلاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ فلسطینی عوام گزشتہ اڑھائی سے تین برس سے جس استقامت اور قربانی کا مظاہرہ کر رہے ہیں، وہ بھی کربلا کی یاد تازہ کرتی ہے۔

خواجہ محمد آصف نے دعا کی کہ مسلم ممالک جس اتحاد کا مظاہرہ کر رہے ہیں وہ دائمی صورت اختیار کرے اور پوری امت مسلمہ ایک پرچم تلے متحد ہو جائے۔ انہوں نے کہا کہ اللہ تعالیٰ ہمیں شہدائے کربلا کی دین اسلام سے لازوال محبت، ایثار اور قربانی کے جذبے کی پیروی کرنے کی توفیق عطا فرمائے۔ انہوں نے کشمیر، فلسطین کی آزادی اور مسلم ممالک اتحاد کی دعا کی۔ڈپٹی کمشنر صبا اصغر علی نے بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ 10 محرم الحرام کو 87 ماتمی جلوس برآمد ہو رہے ہیں جبکہ رواں سال مثالی انتظامات کئے گئے ہیں اور تمام جلوسوں اور مجالس کی 410 سے زائد سی سی ٹی وی کیمروں سے مانیٹرنگ کی جا رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ دفتر ڈپٹی کمشنر میں یکم محرم الحرام سے 24 گھنٹے مانیٹرنگ روم قائم ہے جو محکمہ داخلہ کے مرکزی مانیٹرنگ سیل سے منسلک ہے۔ انہوں نے کہا کہ ماتمی جلوسوں اور مجالس کے راستوں میں سبیلیں قائم کی گئی ہیں اور اس کے علاوہ ہیٹ سٹروک کیمپس بھی موجود ہیں۔ ڈی پی او دوست محمد نے کہا کہ محرم الحرام کے دوران سکیورٹی مہیا کرنے کے لئے 2600 سے زائد پولیس اہلکار ڈیوٹیاں سر انجام دے رہے ہیں اور تین درجاتی سکیورٹی مہیا کی گئی ہے اس کے علاوہ روف ٹاپ پر بھی اہلکار تعینات کیے گئے ہیں۔