کمشنر ڈیرہ غازی خان کا انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی کا دورہ، محرم الحرام انتظامات کا جائزہ

"محرم الحرام کے دوران بروقت طبی سہولیات اور مؤثر انتظامات عوامی خدمت، انسانی جان کے تحفظ اور انتظامیہ کی ذمہ داری کے عملی اظہار کی عکاسی کرتے ہیں۔”

ڈیرہ غازی خان ۔ 26 جون (اے پی پی):کمشنر ڈیرہ غازی خان ڈویژن اشفاق احمد چوہدری نے انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی ڈیرہ غازی خان کا دورہ کیا اور محرم الحرام کے سلسلے میں ہسپتال میں کیے گئے خصوصی انتظامات کا جائزہ لیا۔

اس موقع پر اے ایم ایس ڈاکٹر ارسلان احمد شاہ، ڈی ایم ایس ڈاکٹر ایمن واحد اور دیگر متعلقہ افسران بھی موجود تھے۔کمشنر اشفاق احمد چوہدری نے ایمرجنسی وارڈ کا معائنہ کیا، زیر علاج مریضوں کی عیادت کی اور ان کی خیریت دریافت کی۔ انہوں نے مریضوں کو فراہم کی جانے والی طبی سہولیات، ادویات کی دستیابی اور ایمرجنسی سروسز کا جائزہ لیا۔ اس دوران مریضوں کے لواحقین سے بھی ملاقات کی اور علاج معالجے کے معیار اور ہسپتال میں دستیاب سہولیات کے بارے میں معلومات حاصل کیں۔دورے کے دوران کمشنر نے ڈاکٹرز، نرسنگ سٹاف اور دیگر ملازمین کی حاضری چیک کرتے ہوئے ہدایت کی کہ ڈیوٹی روسٹر کے مطابق تمام عملے کی موجودگی یقینی بنائی جائے۔ انہوں نے ہسپتال میں صفائی ستھرائی، ادویات کے ذخائر، طبی آلات کی فعالیت اور ایمرجنسی رسپانس سسٹم سمیت مختلف انتظامی امور کا بھی تفصیلی جائزہ لیا۔کمشنر نے ہدایت کی کہ دسویں محرم الحرام کے دوران کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے تمام طبی و انسانی وسائل مکمل طور پر فعال رکھے جائیں تاکہ عزاداران اور عوام کو بروقت اور معیاری طبی سہولیات فراہم کی جا سکیں۔ انہوں نے کہا کہ محرم الحرام کے دوران صحت کی بہترین سہولیات کی فراہمی ضلعی انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے اور اس ضمن میں کسی قسم کی غفلت یا کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔ہسپتال انتظامیہ نے کمشنر کو محرم الحرام کے لیے کیے گئے خصوصی انتظامات، ایمرجنسی پلان، اضافی عملے کی تعیناتی اور ادویات کی دستیابی کے حوالے سے بریفنگ دی۔ کمشنر نے انتظامات پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے ہسپتال انتظامیہ کو ہدایت کی کہ وہ عوامی خدمت کے جذبے کے ساتھ اپنے فرائض انجام دے اور ہر ممکن طبی سہولیات کی بروقت فراہمی کو یقینی بنائے۔

مزید خبریں