ایشیائی ترقیاتی بینک کی سری لنکا میں صاف توانائی کے فروغ کے لیے57.4ملین ڈالر کی مالی معاونت کی منظوری

ایشیائی ترقیاتی بینک (اے ڈی بی) نے سری لنکا میں سستی اور صاف توانائی تک رسائی بڑھانے اور گرین ہاؤس گیسوں کے اخراج میں کمی کے لیے57.4ملین ڈالر کے مالیاتی پیکج کی منظوری دے دی ہے۔

کولمبو۔27جون (اے پی پی):ایشیائی ترقیاتی بینک (اے ڈی بی) نے سری لنکا میں سستی اور صاف توانائی تک رسائی بڑھانے اور گرین ہاؤس گیسوں کے اخراج میں کمی کے لیے57.4ملین ڈالر کے مالیاتی پیکج کی منظوری دے دی ہے۔شنہوا کے مطابق اے ڈی بی سے جاری بیان میں بتایا گیا ہے کہ یہ مالی معاونت چھتوں پر نصب شمسی توانائی کے نظام اور ورچوئل نیٹ میٹرنگ کے فروغ کے لیے استعمال کی جائے گی، جس کے تحت اہل صارفین اپنی عمارتوں پر سولر پینل نصب کیے بغیر بھی شمسی توانائی سے فائدہ اٹھا سکیں گے۔

مالیاتی پیکج میں35 ملین ڈالر کا رعایتی قرض، یورپی یونین کی جانب سے16.9ملین ڈالر کی گرانٹ اور جاپان فنڈ فار جوائنٹ کریڈٹنگ میکانزم کی جانب سے 5.5 ملین ڈالر کی گرانٹ شامل ہے۔ عمل درآمد کرنے والے اداروں کی شراکت کے بعد منصوبے کی مجموعی لاگت تقریباً80.5ملین ڈالر تک پہنچ جائے گی۔اے ڈی بی کے مطابق ’’رووف ٹاپ سولر ایگریگیشن اینڈ ورچوئل نیٹ میٹرنگ پراجیکٹ‘‘ کے تحت دو سرکاری بجلی فراہم کرنے والے ادارے ایک ایسا قابلِ توسیع ماڈل قائم کریں گے جس کے ذریعے بڑے سولر سسٹمز سے پیدا ہونے والی بجلی کو یکجا کرکے اہل صارفین میں ورچوئل کریڈٹس کی صورت میں تقسیم کیا جائے گا۔

سری لنکا کے لیے اے ڈی بی کی کنٹری ڈائریکٹر شینن کاؤلن نے کہا کہ یہ منصوبہ قابلِ تجدید توانائی تک سستی رسائی کو فروغ دے گا، بجلی کے نظام کو مزید مضبوط بنائے گا اور توانائی کے شعبے کو زیادہ پائیدار اور جامع بنانے میں مدد فراہم کرے گا۔منصوبے سے چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروباروں اور کمیونٹی تنظیموں کو بھی فائدہ ہوگا، خصوصاً وہ ادارے جو مالی یا جگہ کی کمی کے باعث اپنی عمارتوں پر سولر نظام نصب نہیں کر سکتے۔

اس مالی معاونت سے تقریباً 25 میگاواٹ صلاحیت کے شمسی توانائی کے منصوبے نصب کیے جائیں گے، جبکہ بجلی کی تقسیم کے نظام کو جدید اور ڈیجیٹل بنانے کے ساتھ قابلِ تجدید توانائی کے زیادہ استعمال کے لیے گرڈ کو بھی مضبوط کیا جائے گا۔