بحرین کا روس۔یوکرین قیدیوں کے تبادلے میں اماراتی ثالثی کا خیرمقدم

بحرین نے روس اور یوکرین کے درمیان قیدیوں کے تبادلے کے لیے متحدہ عرب امارات کی کامیاب ثالثی کا خیرمقدم کیا ہے، جس کے نتیجے میں دونوں فریقین کے 320 قیدیوں کا تبادلہ ممکن ہوا۔

منامہ ۔27جون (اے پی پی):بحرین نے روس اور یوکرین کے درمیان قیدیوں کے تبادلے کے لیے متحدہ عرب امارات کی کامیاب ثالثی کا خیرمقدم کیا ہے، جس کے نتیجے میں دونوں فریقین کے 320 قیدیوں کا تبادلہ ممکن ہوا۔ اماراتی نیوزا یجنسی وام کے مطابق بحرین کی وزارتِ خارجہ سے جاری بیان میں اس پیش رفت کو ایک مثبت انسانی اقدام قرار دیتے ہوئے کہا گیا ہے کہ یہ کشیدگی میں کمی کی کوششوں کو تقویت دینے اور یوکرین بحران کے پرامن حل کے امکانات کو فروغ دینے میں مددگار ثابت ہوگی۔

وزارت نے متحدہ عرب امارات کی سفارتی اور انسانی ہمدردی پر مبنی کوششوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ یوکرین بحران کے آغاز سے اب تک امارات 25 ثالثی اقدامات کے ذریعے 7 ہزار 791 قیدیوں کی رہائی میں معاونت کر چکا ہے۔بیان میں بحرین نے جنگ کے خاتمے، انسانی بحران کے اثرات میں کمی اور علاقائی و عالمی امن و استحکام کے فروغ کے لیے مکالمے اور پرامن ذرائع پر مبنی تمام علاقائی و بین الاقوامی کوششوں کی حمایت کا اعادہ بھی کیا۔