پاکستان فٹبال فیڈریشن (پی ایف ایف) نے اعلان کیا ہے کہ عدیل رزکی یکم جولائی2026 سے نئے ٹیکنیکل ڈائریکٹر کی ذمہ داریاں سنبھالیں گے۔ اس سے قبل وہ پاکستان ویمنز نیشنل فٹبال ٹیم کے ہیڈ کوچ رہ چکے ہیں جبکہ حال ہی میں انہوں نے مینز نیشنل ٹیم کے کوچنگ اسٹاف میں اسسٹنٹ کے طور پر خدمات انجام دیں جہاں پاکستان نے مالدیپ میں منعقدہ ڈائمنڈ جوبلی انٹرنیشنل فٹبال ٹورنامنٹ …
عدیل رزکی نئے ٹیکنیکل ڈائریکٹر کی ذمہ داریاں سنبھالیں گے، پی ایف ایف
لاہور۔27جون (اے پی پی):پاکستان فٹبال فیڈریشن (پی ایف ایف) نے اعلان کیا ہے کہ عدیل رزکی یکم جولائی2026 سے نئے ٹیکنیکل ڈائریکٹر کی ذمہ داریاں سنبھالیں گے۔ اس سے قبل وہ پاکستان ویمنز نیشنل فٹبال ٹیم کے ہیڈ کوچ رہ چکے ہیں جبکہ حال ہی میں انہوں نے مینز نیشنل ٹیم کے کوچنگ اسٹاف میں اسسٹنٹ کے طور پر خدمات انجام دیں جہاں پاکستان نے مالدیپ میں منعقدہ ڈائمنڈ جوبلی انٹرنیشنل فٹبال ٹورنامنٹ میں کامیابی حاصل کی۔پاکستان فٹبال فیڈریشن کے مطابق عدیل رزکی یوئیفا اے لائسنس ہولڈر ہیں اور 2019 کے بعد فیڈریشن کے پہلے ٹیکنیکل ڈائریکٹر ہوں گے۔
وہ ملک میں فٹبال کی تکنیکی ترقی کے قومی پروگرام کی قیادت کریں گے اور گراس روٹس، ویمنز فٹبال، کوچز کی تربیت اور یوتھ فٹبال سمیت تمام شعبوں کے لیے طویل المدتی حکمت عملی تیار کریں گے، جبکہ تکنیکی اور کوچنگ امور پر ایگزیکٹو کمیٹی کو مشاورت بھی فراہم کریں گے۔ پی ایف ایف کے صدر سید محسن گیلانی نے کہا کہ ٹیکنیکل ڈائریکٹر کا کردار ملک میں فٹبال کی ترقی کی سمت متعین کرنے میں بنیادی اہمیت رکھتا ہے اور عدیل رزکی کی تقرری کے ساتھ پاکستان فٹبال ایک نئے مرحلے میں داخل ہو رہا ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ اس فیصلے سے ملک میں فٹبال کے ترقیاتی اہداف کے حصول میں موثر پیش رفت ہوگی۔
عدیل رزکی اس وقت پی ایف ایف کانگریس کے رکن بھی ہیں تاہم ٹیکنیکل ڈائریکٹر کا عہدہ سنبھالنے کے بعد وہ کانگریس کی ذمہ داری سے الگ ہو جائیں گے۔ انہوں نے اپنے بیان میں کہا کہ یہ ذمہ داری ان کے لیے بڑے اعزاز کی بات ہے اور وہ اس موقع پر صدر سید محسن گیلانی کے شکر گزار ہیں جنہوں نے ان پر اعتماد کیا۔ انہوں نے کہا کہ ان کی ترجیح کوچنگ سسٹم کی بہتری، کھلاڑیوں کی ترقی کے واضح راستے قائم کرنا اور پاکستان میں فٹبال کے لیے ایک مضبوط اور جدید تکنیکی نظام تشکیل دینا ہوگا تاکہ طویل مدت میں کامیابیاں حاصل کی جا سکیں۔









