حکومت سرمایہ کاری کے فروغ اور عوامی فلاح کو یکساں اہمیت دے رہی ہے،وفاقی وزیر برائے سرمایہ کاری بورڈ

"عوام کو معیاری اور بروقت طبی سہولیات کی فراہمی حکومت کی ترجیح ہے، فری میڈیکل کیمپس دور دراز علاقوں کے شہریوں کے لیے اہم سہولت ثابت ہو رہے ہیں۔” — قیصر احمد شیخ

چنیوٹ۔ 27 جون (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے سرمایہ کاری بورڈ قیصر احمد شیخ نے چنیوٹ کے نواحی گاؤں چک نمبر 134 لونے والا میں منعقدہ فری میڈیکل کیمپ کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے مریضوں کو فراہم کی جانے والی طبی سہولیات کا جائزہ لیا، مختلف شعبوں کے ڈاکٹروں سے ملاقات کی اور علاج کی غرض سے آئے شہریوں سے بھی گفتگو کی۔

اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر قیصر احمد شیخ نے کہا کہ حکومت سرمایہ کاری کے فروغ اور عوامی فلاح کو یکساں اہمیت دے رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بورڈ آف انویسٹمنٹ ملک میں سرمایہ کار دوست ماحول پیدا کرنے کے لیے مؤثر اصلاحات کر رہا ہے، سرمایہ کاروں کو درپیش غیر ضروری اجازت ناموں اور لائسنسنگ کے پیچیدہ نظام کو آسان بنایا جا رہا ہے تاکہ بیرونی سرمایہ کار بلا رکاوٹ پاکستان میں سرمایہ کاری کر سکیں۔انہوں نے کہا کہ حکومت نے اسپیشل اکنامک زونز میں سرمایہ کاروں کو مشینری پر ڈیوٹی اور ٹیکس سے استثنیٰ سمیت نو سال تک انکم ٹیکس کی چھوٹ جیسی مراعات فراہم کی ہیں۔ چنیوٹ کے قریب قائم فیصل آباد انڈسٹریل زون سے نہ صرف مقامی افراد کو روزگار کے وسیع مواقع میسر آئیں گے بلکہ ملکی و غیر ملکی سرمایہ کاری میں بھی نمایاں اضافہ ہوگا۔ ان کا کہنا تھا کہ متعدد بڑی کمپنیاں پاکستان میں سرمایہ کاری میں دلچسپی لے رہی ہیں اور آئندہ دنوں میں اس کے مثبت نتائج سامنے آئیں گے۔قیصر احمد شیخ نے کہا کہ وزیراعظم کی قیادت میں پاکستان کی معاشی پالیسیوں کو عالمی سطح پر پذیرائی مل رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اوورسیز پاکستانی بھی حکومت کی سرمایہ کار دوست پالیسیوں کے باعث ملک میں سرمایہ کاری کے لیے پرجوش ہیں، جبکہ برآمدات میں اضافے کے لیے خام مال پر ڈیوٹی کم کرنے اور ایکسپورٹرز کے لیے سپر ٹیکس کے خاتمے جیسے اہم اقدامات کیے گئے ہیں۔اپنے حلقے میں صحت کی سہولیات کی فراہمی کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے کہا کہ دیہی علاقوں کے عوام کو معیاری طبی سہولیات ان کی دہلیز پر فراہم کرنا ان کی اولین ترجیح ہے