"یومِ عاشور پر صاف ستھرا ماحول اور بہترین شہری سہولیات کی فراہمی کے لیے خصوصی صفائی آپریشن کامیابی سے مکمل کیا گیا۔” — ترجمان ستھرا پنجاب
یوم عاشور پرصاف ستھرا ماحول اور بہترین سہولیات کی فراہمی کے لیے خصوصی صفائی آپریشن کامیابی سے مکمل کیا،ترجمان ستھرا پنجاب

مزید خبریں
فیصل آباد ۔27 جون (اے پی پی):یومِ عاشور کے موقع پر عزاداروں کو صاف ستھرا ماحول اور بہترین سہولیات کی فراہمی کے لیے ستھرا پنجاب ایجنسی فیصل آباد کی جانب سے شہر بھر میں خصوصی صفائی آپریشن کامیابی سے مکمل کیا گیا۔ جلوسوں اور مجالس کے راستوں پر صفائی، پانی کے چھڑکاؤ، واشنگ اور دیگر سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنانے کے لیے آپریشن ٹیمیں دن بھر متحرک رہیں جبکہ منیجنگ ڈائریکٹر ستھرا پنجاب ایجنسی عابد حسین بھٹی نے خود فیلڈ میں موجود رہ کر تمام انتظامات کی نگرانی کی۔ ترجمان ستھرا پنجاب ایجنسی کے مطابق یومِ عاشور کے موقع پر جلوسوں اور مجالس کے تمام مرکزی و ذیلی روٹس پر خصوصی صفائی آپریشن جاری رکھا گیا۔ صفائی عملہ صبح سویرے سے ہی مختلف علاقوں میں تعینات رہا اور جلوسوں کے اختتام تک اپنی ذمہ داریاں مستعدی سے انجام دیتا رہا۔ راستوں پر جمع ہونے والے کوڑے کرکٹ کو فوری طور پر ٹھکانے لگایا گیا جبکہ عزاداروں کی آمد و رفت کو مدنظر رکھتے ہوئے صفائی کے عمل کو مسلسل برقرار رکھا گیا۔شدید گرمی کے پیش نظر جلوسوں کے روٹس پر باقاعدگی سے پانی کا چھڑکاؤ اور واشنگ کا عمل بھی جاری رکھا گیا تاکہ گردوغبار پر قابو پایا جا سکے اور عزاداروں کو ٹھنڈا اور صاف ماحول میسر آ سکے۔ اس اقدام کو عزاداروں اور شہریوں نے سراہتے ہوئے ضلعی انتظامیہ اور ستھرا پنجاب ایجنسی کی بروقت منصوبہ بندی کو قابلِ تعریف قرار دیا۔عزاداروں کی خدمت کے جذبے کے تحت ستھرا پنجاب ایجنسی نے چوک گھنٹہ گھر میں خصوصی سبیل کیمپ بھی قائم کیا، جہاں جلوسوں میں شریک عزاداروں کو میٹھے اور ٹھنڈے مشروبات فراہم کیے گئے۔ شدید گرمی کے موسم میں سبیل کیمپ پر بڑی تعداد میں عزاداروں نے استفادہ کیا اور اس عوامی خدمت کو سراہا۔منیجنگ ڈائریکٹر ستھرا پنجاب ایجنسی عابد حسین بھٹی نے عاشورہ کے دوران مختلف جلوسوں کے راستوں، صفائی آپریشن اور سبیل کیمپ کا تفصیلی دورہ کیا۔ انہوں نے صفائی عملے کی کارکردگی کا جائزہ لیا، متعلقہ افسران کو ضروری ہدایات جاری کیں اور اس بات پر زور دیا کہ عزاداروں کو ہر ممکن سہولت فراہم کی جائے اور صفائی کے معیار پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہ کیا جائے۔شہریوں اور عزاداروں نے محرم الحرام کے دوران ستھرا پنجاب ایجنسی اور ضلعی انتظامیہ کی جانب سے کیے گئے مؤثر انتظامات، بروقت صفائی، پانی کے چھڑکاؤ، واشنگ، سبیل کی فراہمی اور ویسٹ ورکرز کی انتھک محنت کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ ان اقدامات سے عزاداروں کو ایک صاف، محفوظ اور بہتر ماحول میسر آیا، جو قابلِ ستائش ہے۔








