ڈوپاسی فاؤنڈیشن کا ٹی بی اور ڈرگ ریزسٹنٹ ٹی بی پر ذمہ دارانہ رپورٹنگ کے فروغ کے لیے میڈیا سیشن

"ٹی بی اور ڈرگ ریزسٹنٹ ٹی بی سے متعلق ذمہ دارانہ رپورٹنگ عوامی آگاہی، بروقت تشخیص اور مؤثر تدارک کے لیے نہایت اہم ہے۔” — ڈوپاسی فاؤنڈیشن

اسلام آباد۔27جون (اے پی پی):ڈوپاسی فاؤنڈیشن نے کامن مینجمنٹ یونٹ (سی ایم یو) برائے ایڈز، ٹی بی اور ملیریا کے اشتراک سے ٹی بی اور ڈرگ ریزسٹنٹ ٹی بی سے متعلق درست، ذمہ دارانہ اور حل پر مبنی رپورٹنگ کے فروغ کے لیے صحافیوں اور سوشل میڈیا انفلوئنسرز کے لیے ایک میڈیا انگیجمنٹ سیشن کا انعقاد کیا۔

شرکاء کو ٹی بی اور ڈرگ ریزسٹنٹ ٹی بی، مختصر دورانیے پر مشتمل مکمل علاج، پاکستان میں ٹی بی کے خلاف جاری اقدامات، ذمہ دارانہ صحافت، بروقت تشخیص، علاج اور مریضوں کی عزتِ نفس، رضامندی اور رازداری کے حوالے سے آگاہ کیا گیا۔ سیشن میں ڈوپاسی فاؤنڈیشن کے زیرِ انتظام ‘ون امپیکٹ’ ایپلیکیسن بھی متعارف کرائی گئی، جو کمیونٹی کی سطح پر صحت سے متعلق مسائل کی نشاندہی، معلومات کی فراہمی اور معاونت تک رسائی کا ایک مؤثر پلیٹ فارم ہے۔اس موقع پر ڈوپاسی فاؤنڈیشن کی چیف ایگزیکٹو آفیسر کنز الایمان نے کہا کہ میڈیا درست معلومات کی ترویج، خوف اور بدنامی کے خاتمے اور مریضوں کو بروقت علاج کی جانب راغب کرنے میں اہم کردار ادا کر سکتا ہے۔ ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر اسلام آباد ڈاکٹر سیدہ راشدہ بتول نے اس اقدام کو سراہتے ہوئے کہا کہ عوام تک مستند معلومات کی فراہمی اور بروقت تشخیص کے فروغ میں میڈیا کا کردار نہایت اہم ہے۔تقریب کے اختتام پر صحافیوں اور ڈیجیٹل کریئیٹرز پر زور دیا گیا کہ وہ اپنے پلیٹ فارمز کے ذریعے درست معلومات کو فروغ دیں، کمیونٹی کی آواز کو ذمہ داری کے ساتھ اجاگر کریں اور پاکستان سے ٹی بی کے خاتمے کی کوششوں میں اپنا کردار ادا کریں۔