"سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے کراچی میں رینجرز کے کیمپ پر دہشت گرد حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے سکیورٹی فورسز کی بروقت کارروائی اور بہادری کو سراہا۔”
سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کی کراچی میں رینجرز کے کیمپ پر دہشتگرد حملہ کی مذمت
اسلام آباد۔28جون (اے پی پی):سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے کراچی میں رینجرز کے کیمپ پر دہشتگرد حملہ کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ دہشت گرد عناصر اپنے مذموم عزائم میں کبھی کامیاب نہیں ہو سکتے،سکیورٹی فورسز کی بہادری اور پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو پوری قوم سلام پیش کرتی ہے ۔
قومی اسمبلی سیکرٹریٹ کی جانب سے جاری بیان میں سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے دہشتگرد حملہ ناکام بنانے پر سکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کیا اور حملہ کے نتیجے میں رینجرز کے جانی نقصان پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار بھی کیا۔ انہوں نے شہید ہونے والے رینجرز اہلکاروں کو خراج عقیدت پیش کیا اور کہا کہ کراچی میں رینجرز کے دفتر پر دہشتگرد حملہ ملک دشمن عناصر کی مذموم سازش ہے،دہشت گرد عناصر اپنے مذموم عزائم میں کبھی کامیاب نہیں ہو سکتے۔ سردار ایاز صادق نے کہا کہ شہداء کی قربانیاں قوم کے عزم کو مزید مضبوط بناتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سکیورٹی فورسز کی بہادری اور پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو پوری قوم سلام پیش کرتی ہے۔ سردار ایاز صادق نے مزید کہا کہ دہشتگردی کے ناسور کے خاتمے کے لیے ریاست اور قوم ایک صفحے پر ہیں۔ انہوں نے حملے میں شہید ہونے والے اہلکاروں کے اہلِ خانہ سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا جبکہ زخمی اہلکاروں کی جلد اور مکمل صحت یابی کے لیے دعا بھی کی ۔انہوں نے کہا کہ ملک میں امن، استحکام اور قانون کی بالادستی کے خلاف ہر سازش کو ناکام بنایا جائے گا،قوم اپنے بہادر سکیورٹی اداروں کے ساتھ سیسہ پلائی دیوار کی مانند کھڑی ہے۔سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے حملے میں شہید ہونے والے اہلکاروں کے درجات کی بلندی اور سوگوار خاندانوں کیلئے صبر جمیل کی دعا بھی کی۔








